بھارتی شہرممبئی میں بارشوں سے معمولاتِ زندگی بُری طرح متاثر
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 ںیوز)بھارت کے معاشی اہمیت کے حامل شہر ممبئی میں موسلادھار بارشوں نے لاکھوں افراد کی زندگیوں کو شدید متاثر کیا ہے، سڑکیں زیر آب آ گئی ہیں اور پروازیں اور ٹرین سروس منسوخ کر دی گئی ہیں۔
شہر کے کئی حصے پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں حکام نے منگل کے روز 600 لوگوں کو مختلف علاقوں میں پانی بھر جانے کے بعد محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔ سال کے ان دنوں میں ریاست مہاراشٹر جہاں ممبئی واقع ہے میں مون سون کی بارشوں کا ہونا ایک عام بات ہے۔
تاہم اس مرتبہ ان علاقے میں خاص طور پر موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ رواں ہفتے ریاست بھر میں شدید بارش کی وجہ سے پیش آنے والے حادثات میں اب تک کم از کم 21 افراد ہلاک ہو چُکے ہیں۔
انڈیا میں محکمہ موسمیات کے مطابق صرف چار دنوں میں ممبئی میں 800 ملی میٹر بارش ہوئی ہے جو اگست میں ریکارڈ کی گئی اوسط بارش سے کہیں زیادہ ہے۔
بھارتی محکمہ موسمیات نے شہر اور اس کے ہمسایہ اضلاع کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے جس میں بدھ کے روز بھی شدید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے تاہم ان کا کہنا ہے کہ اس ہفتے کے آخر میں صورتحال میں بہتری آئے گی۔
زیادہ تر سکول اور کالج بند ہیں اور تقریباً 350 افراد کو شہر کے نشیبی علاقوں سے عارضی پناہ گاہوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں :وزیر خارجہ اسحاق ڈار سہ فریقی مذاکرات میں شرکت کیلئے کابل پہنچ گئے