فتنہ الخوارج کیخلاف کارروائی،صدر،وزیراعظم اور وزیر داخلہ کافورسز کو خراج تحسین
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) وزیر اعظم پاکستان، صدر مملکت اور وفاقی وزیر داخلہ نے خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں فتنتہ الخوارج کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین کرتے ہوئے فورسز کی پذیرائی کی ہے۔
وزیراعظم کا کہناتھا کہ عزم استحکام کے ویژن کے مطابق سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھرپور کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں،ہماری سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑی ہیں،ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نےشمالی وزیرستان میں کامیاب آپریشن کے دوران 22 فتنہ الخوارج دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین کیا،انہوں نے بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے خلاف مؤثر کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا،ان کا کہنا تھا کہ مقامی آبادی کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرنا فتنہ الخوارج کی سفاکیت اور انسان دشمنی کا ثبوت ہے،انہوں نے دہشت گردی کے خلاف “عزمِ استحکام” کے تحت جاری کارروائیوں میں حصہ لینے والے جوانوں کے حوصلے، بہادری اور قربانیوں کو سراہا۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نےشمالی وزیرستان میں فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کی ستائش کی۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے 22 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا،ان کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز نے موثر کارروائی کرکے فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا،سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتاہوں ۔
محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کا انجام عبرتناک موت ہے، قوم کی حمایت سے فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں اور سہولت کاروں کا خاتمہ کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : شمالی وزیرستان؛سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں بھارتی سپانسرڈ22خوارج ہلاک