پاکستان فائیو جی دور میں آ گیا؛ زونگ اور جاز نے فائیو جی سروس شروع کر دی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(وقاص عظیم) آج بہت سے پاکستانی شہری ایک اعشاریہ چار جی بی فی سیکنڈ کی انٹر نیٹ سپیڈ سے تیز ترین ڈاؤن لوڈنگ اور اپ لوڈنگ کر رہے ہیں۔ پاکستان بڑی چھلانگ لگا کر فائیو جی انٹرنیٹ کے دور میں پہنچ گیا۔ ٹیلی کام کمپنیوں نے ملک میں فائیو جی 5G انٹرنیٹ سروس کا آغاز کر دیا۔
تین ٹیلی کام کمپنیاں فائیو جی انٹر نیٹ سروس مہیا کرنے کے لائسنس لے چکی ہیں، آج دو کمپنیوں نے فائیو جی سروس فراہم کرنے کا آغاز کر دیا ہے۔ زونگ اور موبی لنک جاز کے کنزیومر اب فائیو جی انٹرنیٹ استعمال کر رہے ہیں۔
زونگ کی 16 شہروں میں فائیو جی انٹرنیٹ سروس
پاکستان میں تیز رفتار انٹرنیٹ کا نیا دور زونگ فائیو جی اور جاز فائیو جی سروس کے ساتھ شروع ہو رہا ہے۔
زونگ نے پاکستان کے 16 سے زائد شہروں میں فائیو جی سروسز کا کمرشل آغاز کر دیا ہے۔
زونگ نے سال2026 کے دوران ایک ہزار سے زیادہ فائیو جی سائٹس نصب کرنے کا اعلان کیا ہے۔
فائیو جی ٹیکنالوجی عام کنزیومرز کو دستیاب ہونے سے انٹرنیٹ سپیڈ اور کنیکٹیویٹی میں بڑا اضافہ ہو گیا ہے۔
زونگ کے فائیو جی انترنیٹ کی سپیڈ 1.4 جی بی فی سیکنڈ
زونگ ٹرائلز میں 1.4 جی بی پی ایس سے زائد رفتار حاصل کرنے میں کامیاب ہوا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس تیز ترین سپیڈ کی کنزیومرز کو فراہمی سے آن لائن گیمنگ اور الٹرا ایچ ڈی سٹریمنگ انڈسٹریز کو فروغ ملے گا۔
فائیو جی ٹیکنالوجی صنعتی اور معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی۔
زونگ فائیو جی نے بتایا کہ مصنوعی ذہانت سے لیس جدید نیٹ ورک سے صارفین کو بہتر سروسزحاصل ہوں گی۔
جاز نے فائیو جی سروس کا آغاز کر دیا
جاز نے بھی آج لائسنس کے ایگریمنٹ پر سائن ہوتے ہی ملک کے کئی علاقوں میں اپنی فائیو جی سروس کا آغاز کر دیا ہے۔
جاز کے فائیو جی لائسنس کے معاہدے پر ڈی جی لائسنسنگ پی ٹی اے بریگیڈیئر (ر) عامر شہزاد اور سی ای او جاز ورلڈ عامر ابراہیم نے اسلام آباد میں ایک تقریب میں دستخط کیے۔
180 سائٹس پر جاز فائیو جی سروس کا آغاز
جاز نے ابتدائی مرحلے میں فائیو جی سروس تقریباً 180 سائٹس پر فعال کر دی ہے۔
جاز نے جن شہروں اور علاقوں میں فائیو جی انٹر نیٹ سروس فراہم کی ہے ان میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد ، لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ سمیت راولپنڈی، ملتان اور فیصل آباد جیسے بڑے شہر شامل ہیں۔
جاز نے ایک بیان مین بتایا کہ کئی شہروں میں فائیو جی انٹر نیٹ سروس کو کِک سٹارٹ کرنے کے ساتھ ہی جاز کمپنی اپنے ملک گیر فور جی نیٹ ورک کی توسیع اور بہتری کا عمل بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔ جس کے نتیجے میں صارفین کو بہتر رفتار اور معیاری سروس میسر آ رہی ہے
حالیہ سپیکٹرم نیلامی میں جاز نے تمام نئے بینڈز—700 میگا ہرٹز، 2300 میگا ہرٹز، 2600 میگا ہرٹز اور 3500 میگا ہرٹز سپیکٹرم حاصل کئے ہیں۔
جاز کمپنی کا کہنا ہے کہ اب جاز موبائل نیٹ ورک کی ہر اہم سطح پر موجودگی رکھنے والا واحد آپریٹر بن گیا ہے۔