آج بھی بادل جم کربرسیں گے؟محکمہ موسمیات نے بڑی پیشگوئی کردی
19 مارچ بروز جمعرات کو چاند نظر آنے کا کوئی امکان نہیں ،محکمہ موسمیات کے مطابق شوال کا چاند 20 مارچ کو نظرآنے کا امکان ہے جبکہ عیدالفطر 21 مارچ بروز ہفتے کو ہونے کا امکان ہے، ایران میں تیل کے ذخائر پر بمباری سے پاکستان میں ماحول کو کوئی خطرہ نہیں ہے
Stay tuned with 24 News HD Android App
( سعد راجہ، رمشا اسماعیل، فاران یامین )محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں آج بھی بارشوں کی پیشگوئی کردی ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ 21 مارچ تک جاری رہےگا،خیبرپختونخوا میں بارش، چند مقامات پر ژالہ باری اور پہاڑوں پر برفباری ہوگی۔اسلام آباد کے آسمان پر تیرتے بادل آج برسیں گے،شہر اقتدار میں 4 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے لگی ہیں۔حیدرآباد،دادو،جیکب آباد،نوشہرو فیروز میں بھی بادل برسیں گے،بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں مطلع جز وی ابرآلود رہےگا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 21 مارچ تک بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے،چترال،دیر،سوات،شانگلہ،کوہستان،بونیر،بٹگرام میں بھی بارش کا امکان ہے،مانسہرہ،ایبٹ آباد،ہری پور،باجوڑ،مہمنداورخیبر میں بھی بارش کا امکان ہے جبکہ اورکزئی،کرم،مردان،پشاور،صوابی،چارسدہ،نوشہرہ ،کوہاٹ،ہنگو،بنوں،لکی مروت،کرک اورڈیرہ اسماعیل خان میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے جبکہ کراچی،حیدرآباد،دادو،جیکب آباد،نوشہرو فیروز میں بارش کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج بھی آندھی اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوگی، اورگرج چمک کے ساتھ جم کر بادل برسیں گے،شہر میں آج کہیں تیز اور کہیں موسلادھار بارش ہوسکتی ہے، گزشتہ روز سب سے زیادہ بارش کورنگی میں 55.6 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی، بارش کے بعد رات میں خنکی محسوس کی گئی، کراچی کا مطلع اس وقت ابر آلود جبکہ موسم خنک اور خوشگوارہے،آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے،اس وقت نمی کا تناسب 82 فیصد ہے۔
لاہور میں بھی رات گئے بارش کے بعد خنکی بڑھ گئی ہے اورلاہور میں آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید بارش ہوگی،لاہور میں درجہ حرارت 20 ڈگری سینٹی گریڈ تک جائے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہرقائد میں آج دوپہر کے بعد بارش کا امکان ہے، تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ کہیں کہیں موسلا دھار بارش ہوسکتی ہےجبکہ چند مقامات پر ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔عید کے پہلے دن بھی ہلکی بارش کی توقع ہے، محکمہ موسمیات نے امکان ظاہر کیاہے کہ 24 سے27 مارچ کےدوران بھی مغربی ہواؤں کا سلسلہ کراچی سمیت سندھ میں بارش کا سبب بن سکتاہے ۔
یہ بھی پڑھیں:ٹرمپ کی ایران کی بڑی گیس فیلڈ کو ’تباہ‘ کرنے کی دھمکی
یاد رہے کہ گزشتہ روز شہر میں کے مختلف علاقوں میں تیز آندھی کے ساتھ بارش کے باعث مختلف حادثات میں 19 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔نارتھ ناظم آباد، نارتھ کراچی، سرجانی، ایف بی ایریا، صدر اور کلفٹن سمیت مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کےساتھ بارش ہو ئی،کینٹ، ریلوے کالونی، دہلی کالونی، گلشن اقبال، گلشن جمال اور گارڈن میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شارع فیصل پر ہوا کی رفتار 90 کلو میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی جبکہ ماڑی پور میں ہوا کی رفتار 97 کلو میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ ہوئی۔
علاوہ ازیں محکمہ موسمیات نے عیدالفطر 2026 کی ممکنہ تاریخ سے متعلق پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ 19 مارچ بروز جمعرات کو چاند نظر آنے کا کوئی امکان نہیں ہے، محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق شوال 1447 کا چاند 19 مارچ 2026 کو نظر آنے کا امکان نہیں ہے، شوال کا چاند 20 مارچ کو نظرآنے کا امکان ہے جب کہ عیدالفطر 21 مارچ بروز ہفتے کو ہونے کا امکان ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ 19 مارچ بمطابق 29 رمضان کو شام کے وقت شوال کا چاند نظر آنے کے امکانات نہیں ہیں کیوں کہ نیا چاند 19 مارچ کو صبح 6 بج کر 23 منٹ پر پیدا ہوگا۔
محکمہ موسمیات نے کہا کہ 19 مارچ شام کو چاند کی عمر 12 سے 13 گھنٹے ہوگی جو کہ رویت کے لیے موزوں نہیں ہے تاہم چاند کے حوالے سے حتمی اعلان کا اختیار مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے پاس ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں رمضان المبارک کا آغاز 19 فروری سے ہوا تھا اور شعبان المعظم کی 29 تاریخ کو ماہ رمضان کا چاند نظر آیا تھا۔
دوسری طرف محکمہ موسمیات کی جانب سے کہاگیاہے کہ ایران میں تیل کے ذخائر پر بمباری سے پاکستان میں ماحول کو کوئی خطرہ نہیں۔
میٹیریولوجیکل ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان انجم نذیر کاکہناہے کہ پاکستان کی بالائی فضا میں خطرناک آلودہ ذرات یا زہریلی گیسوں کے کوئی آثار نہیں ملے،ایران کے تیل ذخائر پر ہونے والی بمباری سے پاکستان کا ماحول فی الحال کسی قسم کےخطرے سے محفوظ ہے، پاکستان کا میٹ ڈیپارٹمنٹ اپنے معمول کے مطابق ایرانی میٹیریولوجیکل ڈیپارٹمنٹ حکام کےساتھ رابطےمیں ہے اور ڈیٹا کے تبادلے معمول کے مطابق کئے جا رہے ہیں، ایرانی ڈیٹا کے مطابق بالائی فضا میں خطرناک آلودہ ذرات یا زہریلی گیسوں کے آثار نہیں ملے،پاکستان کے اندر معمول کے مطابق ہونےوالی مانیٹرنگ میں بھی کسی بھی قسم کی تابکاری کے ثبوت نہیں ملے۔
ترجمان محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ اگر خدا نہ خواستہ ایران میں تابکاری کاکوئی واقعہ ہوتا ہے تو ہواؤں کے رخ کے زیر اثر اس تابکاری کے اثرات پاکستان کی طرف نہیں آئیں گے بلکہ ترکمانستان کی طرف جائیں گے۔