اداکارہ اسماء عباس سکن ٹریٹمنٹ کے بعد مشکل میں پھنس گئیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) سینئر اداکارہ اسماء عباس سکن ٹریٹمنٹ کے بعد مشکل میں پھنس گئیں۔
اداکارہ اسماء عباس نے ایک حالیہ وی لاگ میں اپنی جلد سے متعلق ایک ناخوشگوار تجربے کا انکشاف کرتے ہوئے کہاہے کہ ان کے چہرے کی چھائیوں کے علاج کے دوران ایک ردِ عمل کے باعث ان کی جلد شدید متاثر ہوئی ہے۔
اسما عباس کے مطابق ان کے چہرے پر وراثتی فریکلز (چھائیاں) موجود تھیں جنہیں کم کرنے کے لیے انہوں نے ایک ڈاکٹر کے مشورے پرایک میڈیکل پروسیجر Cauterization کا طریقہ اختیار کیا،اس علاج میں جلد کی اوپری سطح کو مخصوص طریقے سے جلایا جاتا ہے تاکہ جلد پر موجود کالے دھبے یا نشانات کو ہلکا کیا جا سکے۔
سینئر اداکارہ نے بتایا کہ ابتدائی طور پر سب کچھ معمول کے مطابق تھا، تاہم اسی رات انہوں نے ایک فیس ماسک استعمال کیا جس سے ان کی جلد پر شدید الرجی ہو گئی،ماسک کے استعمال کے بعد ان کے چہرے پر سرخی، دھبے اور خارش ہونے لگی اور ان کا چہرہ الرجی کا شکار ہوگیا جس نے ان کے چہرے کو شدید متاثر کردیا۔
یہ بھی پڑھیں:کم عمری میں شادی کیوں کی؟ اداکارہ غنیٰ علی نے وجہ بتا دی
اسماء عباس نے بتایا کہ وہ اس وقت الرجی دور کرنے کیلئے دوا استعمال کر رہی ہیں اور ڈاکٹرز نے جلد میں بہتری کے لیے وقت دینے کا مشورہ دیا ہے۔
اسماء عباس نے مداحوں سے صحت یابی کی دعا کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی کہانی اس لیے بیان کر رہی ہیں تاکہ دوسروں کو کسی قسم کے سکن ٹریٹمنٹ کے بعد احتیاط کی اہمیت کا اندازہ ہو سکے۔