نیمل خاور کی نند نے سرجری سے متعلق خود پر لگے الزامات کی تردید کردی

Jun 19, 2023 | 19:08:PM
نیمل خاور کی نند نے سرجری سے متعلق خود پر لگے الزامات کی تردید کردی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)پاکستانی خوبرو اداکارہ و ماڈل نیمل خاور  کو چہرے کی سرجری کے باعث سوشل میڈیا صارفین کی تنقید کا سامنا کرنا پڑا تو اہل خانہ سمیت شوبز شخصیات نے ان کا دفاع کیا جبکہ ان کی نند ڈاکٹر فضیلہ عباسی نے بھابی کی سرجری کے الزامات کی تردید کردی۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں اداکارہ نیمل خاور کی کچھ ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں تو مداح ان کے چہرے کے خدوخال میں نمایاں تبدیلی دیکھ کر حیران و پریشان رہ گئے اور کہنے لگے کہ انہوں نے اپنی قدرتی خوبصورتی سرجری کروا کر زائل کر دی۔

اداکارہ نیمل خاور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے کڑی تنقید اور سوشل میڈیا پر ٹرینڈ بن گئیں تو پہلے ان کی بہن اور پھر ان کے شوہر ان کا دفاع کرنے سامنے آئے پھر ان کی دیکھا دیکھی دیگر شوبز شخصیات بھی اداکارہ کا دفاع کرتی دکھائی دیں،اداکار اور ان کے شوہر حمزہ علی عباسی نے ان کی ویڈیو پر مختلف ایموجی سے اظہار کیا کہ "انہیں اپنی اہلیہ ہر حال میں پیاری ہیں جبکہ بہن نے سوشل میڈیا صارفین کو اپنا محاسبہ کرنے کا مشورہ دیا اور رحم دلی کا مظاہرہ کرنے کا کہا۔"

 دوسری جانب شوبز شخصات نے بھی نیمل خاور کا اس مشکل وقت میں حوصلہ بڑھایا اور ان کی خوبصورتی اور اخلاق کی تعریفیں کی۔

تاہم سوشل میڈیا صارفین کے خیال میں نیمل خاور کی سرجری ان کی نند ڈاکٹر فضیلہ عباسی نے کی ہے، جس پر ڈاکٹر فضیلہ عباسی نے خاموشی توڑتے ہوئے تمام تر الزامات کی تردید کردی۔

ڈاکٹر فضیلہ عباسی نے کسی کا نام لئے بغیر اپنے سوشل میڈیا پر بیان جاری کیا ہے کہ"ڈاکٹر فضیلہ اور ان کا کلینک کسی خاص سرجری/طریقہ کار سے متعلق حال ہی میں پیدا ہونے والے تنازع سے متعلق باضابطہ طور پر دستبرداری کا اعلان کرتا ہے، انہوں نے اس قسم کی کوئی سرجری نہیں کی, یہ مضحکہ خیز تنقید اور قیاس آرائیاں بلا جواز اور مکمل طور پر غیر ضروری ہیں، یہ واقعی بدقسمتی اور افسوسناک ہے کہ کس طرح بے بنیاد اور غلط مفروضے سوشل میڈیا کے ذریعے لوگوں کی شبیہ کو داغدار کرنے اور ان کی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگیوں پر حملہ کرنے کے لیے پھیلائے جاتے ہیں۔"

خیال رہے کہ اداکار حمزہ علی عباسی کی بہن ڈاکٹر فضیلہ عباسی ماہر امراض جلد ہیں، پاکستان کی نامور شخصیات بھی ان کے کام کو بےحد پسند کرتے ہیں۔