ٹی 20, شاہین کیویز سے چوتھا میچ بھی نہ جیت پائے

Jan 19, 2024 | 10:57:AM
 ٹی 20, شاہین کیویز سے چوتھا میچ بھی نہ جیت پائے
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) پانچ میچوں کی سیریز کے چوتھے ٹی 20 میچ میں بھی نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 7وکٹوں سے شکست دیدی۔

کرائسٹ چرچ میں کھیلے جارہے 5 ٹی 20 میچز کی سیریز میں پاکستان پر وائٹ واش کے بادل منڈلانے لگے، نیوزی لینڈ نے چوتھے ٹی 20 میچ میں پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی، کیویز نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز کا ہدف باآسانی حاصل کر لیا۔

دوسری اننگز کے آغاز میں قومی ٹیم کے کپتان شاہین آفریدی نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے 20 رنز کے مجموعے پر تین کیوی بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی، بعد میں آنے والے بلے باز ڈیرل مچل نے 7 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 72 اور گلین فلپس نے 5 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 70 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے اوپنر فن ایلن نے 8، ول ینگ نے 4 رنز سکور کیے جبکہ ٹم سائفرٹ کوئی رن نہ بنا سکے، پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے تین وکٹیں لیں جبکہ دوسرے باؤلرز کوئی وکٹ نہ لے سکے۔

شاہینوں کی جانب سے صائم ایوب اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا لیکن صائم ایوب اس بار بھی ناکام رہے اور دوسرے اوور میں صرف ایک رن پر سلپ میں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

پاکستان کے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی بابر اعظم تھے جو 56 کے مجموعے پر 19 رن بنا کر آؤٹ ہوئے، 88 رنز پر فخر زمان بھی 15 گیندوں پر 9 رنز بنا کر چلتے بنے۔

اعظم خان کی جگہ ٹیم میں شامل ہونے والے صاحبزادہ فرحان بھی دو گیندوں کے مہمان ثابت ہوئے اور ایک رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

ایک جانب وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا لیکن دوسری جانب محمد رضوان ذمہ دارانہ بیٹنگ کے ذریعے ٹیم کا اسکور آگے بڑھاتے رہے اور اپنی نصف سنچری مکمل کی، 126 کے مجموعی سکور پر افتخار احمد 14 گیندوں پر 10 رنز کی اننگز کھیل کر وکٹ گنوا بیٹھے۔

محمد رضوان 63 گیندوں پر 90 رنز اور محمد نواز 9 گیندوں پر 21 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

مزید پڑھیں:بالی وڈ فلم ’فائٹر‘ کے خلاف پاکستانی فنکار بھڑک اُٹھے