غزہ کے تباہ مکانات جنگجوؤں کی محفوظ پناہ گاہوں میں تبدیل،7 اسرائیلی فوجی افسران ہلاک

Dec 19, 2023 | 10:28:AM
غزہ کے تباہ مکانات جنگجوؤں کی محفوظ پناہ گاہوں میں تبدیل،7 اسرائیلی فوجی افسران ہلاک
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)فلسطینیوں کے تباہ مکانات جنگجوؤں کی محفوظ پناہ گاہوں میں تبدیل،حماس کے اسرائیلی فوجی ٹینکوں اور گاڑیوں پر پے درپے حملے جاری ہیں جس میں 7 فوجی افسران ہلاک، کئی ٹینک اور گاڑیاں تباہ ہوگئیں، اسرائیلی فوج کے کمانڈر کی ہمر جیپ کو اینٹی آرمر میزائل سے اڑادیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یمن کے حوثیوں نے بھی بحیرہ احمر میں دو جہازوں پر حملے کئے جبکہ حماس نے یرغمال تین بوڑھے اسرائیلیوں کی ویڈیو بھی جاری کردی، تینوں اسرائیلیوں نے نیتن یاہو حکومت سے انہیں بچانے کی اپیل کی،دوسری جانب اسرائیلی فوج کی نہتے فلسطینیوں پر وحشیانہ بمباری جاری ہے جس میں ڈیڑھ سو سے زائد فلسطینی شہید ہوئے، 7 اکتوبر سے جاری حملوں میں شہدا کی تعدادبیس ہزارسے تجاوز کر گئی۔

فلسطینی وزارت صحت نے اسرائیلی فوج کے ہاتھوں 4 فلسطینیوں کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر طوباس میں فارعہ کے مہاجرین کیمپ پر چھاپہ مارا جس دوران فائرنگ سے 4 فلسطینیوں کو شہید کردیا۔


عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فورسز نے غزہ میں گھروں پر بھی حملے کیے جہاں شجاعیہ اور دیگر علاقوں میں شیلنگ کی گئی۔ اس سے قبل جبالیہ اور نصیرت کے کیمپوں پر بھی حملے کیے گئے جس میں متعدد افراد شہید ہوگئے۔

امریکی وزیر دفاع اسرائیل پہنچ گئے
علاوہ ازیں امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن اسرائیل پہنچ گئے ہیں جہاں وہ اسرائیلی حکومت کے ساتھ غزہ میں جاری فوجی آپریشن پر بات چیت کریں گے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی وزیر دفاع کا اسرائیل کا دورہ عالمی برادری کے دباؤ کے تناظر میں دیکھا جارہا ہے جس میں اسرائیل کے غزہ پر وحشیانہ حملوں پر سوال اٹھائے جارہے ہیں۔