جو قومیں اپنے شہدا کو بھول جاتی ہیں وہ مٹ جاتی ہیں، آرمی چیف

May 18, 2022 | 21:34:PM
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، اصل ہیروز ، شہدا اور غازی، جو قومیں، شہدا کو بھول جاتی ہیں، وہ مٹ جاتی ہیں
کیپشن: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ ہمارے اصل ہیروز شہدا اور غازی ہیں، جو قومیں اپنے شہدا کو بھول جاتی ہیں وہ مٹ جاتی ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی جنرل ہیڈکوارٹر (جی ایچ کیو) میں اعزازات تقسیم کرنے کیلئے تقریب کا اہتمام کیا گیا۔آرمی چیف نے جی ایچ کیو میں شہدا اور غازیوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج ہم پھر مادر وطن پر قربان ہونے والے بہادر جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، پاکستان جو آج محفوظ ہے جہاں ہم رات کو آرام سے سوتے ہیں یہ جوانوں کے خون کی قربانی کی وجہ سے ممکن ہوا۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاکہ ہمیشہ کہتا ہوں اصل ہیرو ہمارے شہید ہیں، جو قومیں اپنے شہیدوں یا ہیروں کو بھول جاتی ہیں ،وہ قومیں مٹ جایا کرتی ہیں،آرمی چیف کا کہناتھا کہ ایک شہید جو ہے جب تک دنیا قائم ہے، اس کا نام ہمیشہ چمکتا رہے گا، شہید نے دنیا میں بھی اپنا نام کمالیا اور آخرت میں بھی اپنا نام کما لیا۔آرمی چیف نے کہاکہ جیسا کہ فرمایا گیا ہے کہ شہید کے خون کا قطرہ گرنے سے پہلے ہی اس کی بخشش ہو جاتی ہے،شہید نہ صرف اپنے آپ کو بخشوا لیتا ہے لیکن اپنے ورثا کیلئے بھی جنت کے راستے کھول دیتا ہے،جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاکہ کوئی قوم، کوئی ملک اپنے شہدا کی قربانی کا صِلہ پیش نہیں کر سکتی،ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم شہدا کے ورثا کی دیکھ بھال کریں،کوئی بھی دیکھ بھال اور کوئی بھی مراعات شہادت کا نعم البدل نہیں ہو سکتی۔
 پاک فوج کے سپہ سالار کا مزید کہناتھا کہ ایک والد کیلئے، ایک والدہ کیلئے، جب تک وہ اس دنیا میں زندہ ہیں اور جب تک وہ اس دنیا سے نہیں جاتے،والدین مرتے دم تک اپنے شہید بچوں کو نہیں بھولتے، والدین کو اپنے شہید بیٹے ہر روز نظر آتے ہیں ،یہ ملک آپ لوگوں کی قربانیوں کی وجہ سے زندہ ہے اور میں آپ کو سلام پیش کرتا ہوں،آپ لوگوں کی قربانیوں کی وجہ سے آج پاکستان محفوظ ہے۔
آرمی چیف نے کہاکہ یہ فوج ہی ہے جو صبح سے لیکر شام تک پاکستان کے ہر چپہ ہر جگہ فوج آپ کو ملے گی، کوئی حادثہ ہو فوج بتائے بغیر وہاں پر پہنچ جاتی ہے،جنرل قمر جاوید باجوہ کاکہناتھا کہ شہدا کے ورثا کو یقین دلاتا ہوں کہ انشا اللہ آپ کو کبھی مایوس نہیں کریں گے، دنیا مجھے کہتی ہے کہ یہ واحد فوج ہے جس نے دہشتگردی کا خاتمہ کیا ہے،تو وہ یہ کیا کہتے ہیں کہ کیسے کیا آپ نے، باقی ملک فیل ہو گئے، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہاکہ تو یہ کیا وجہ ہے کہ پاکستان میں ایسی کیا خوبی ہے؟، ہمارے پاس ایسی مائیں ہیں جو اپنے لخت جگر کو ملک پر قربان کرنے کے لئے تیار ہیں، ہماری ایسی بہنیں ہیں جو اپنے شوہر اور ایسے بچے ہیں جو اپنے والد اس ملک پر قربان کرنے کے لئے تیار رہتے ہیں، جب تک ایسی ہماری مائیں اورہماری بہنیں موجود ہیں،تو مجھے اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ پاکستان کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا۔ 

یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد حمزہ کے 25 ووٹ مائنس ہو گئے، فوادچودھری