مزید بارشوں کا الرٹ،21 روز میں 178 افراد جاں بحق، سیہون میں سیلاب، دیہاتوں کا زمینی رابطہ منقطع

Jul 18, 2025 | 09:29:AM
مزید بارشوں کا الرٹ،21 روز میں 178 افراد جاں بحق، سیہون میں سیلاب، دیہاتوں کا زمینی رابطہ منقطع
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( 24  نیوز ) ملک  میں مون سون بارشوں کے دوران 21 روز  میں 178 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ،  دریائے سندھ میں پانی کی سطح بلند ہونے سے 30 سے زائد دیہاتوں کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ،  محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے ۔ 

  تفصیلات کے مطابق دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافے کے باعث سیلابی پانی سیہون کے کچے کے علاقوں تک پہنچ گیا جس کے بعد تحصیل سیہون کی تین یونین کونسلز کے کچے کے علاقوں میں نچلے درجے کی سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔

بلاول پور، جھنڈیانی، واهن، ماہی اوٹھو، ماہی سہتا سمیت متعدد دیہاتوں کے اطراف پانی پھیل گیا ہے جبکہ 3 یونین کونسلوں کے 30 سے زائد دیہات کا سیہون اور بھان سیدآباد شہروں سے زمینی رابطہ منقطع ہو گیا۔

دیہاتی نجی کشتیوں کے ذریعے شہروں سے آمدورفت جاری رکھے ہوئے ہیں جبکہ متاثرہ علاقوں میں مشکلات بڑھ رہی ہیں۔

علاوہ ازیں محکمہ آبپاشی کے مطابق پانی کی سطح میں آئندہ چند روز میں مزید اضافے کا امکان ہے جس کے بعد ایل ایس حفاظتی بند پر ایمرجنسی نافذ کر کے بندوں کی نگرانی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ 

 یہ بھی پڑھیں:ایرانی صدر کا ٹیکسی میں سفر  ، اہم وجہ سامنے آگئی

  دوسری جانب ملک بھر میں شدید مون سون بارشوں اور سیلابی کی تباہ کاریاں جاری ہیں، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( این ڈی ایم اے) نے ملک بھر میں بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر رپورٹ جاری کر دی۔

  این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق مون سون بارشوں کے باعث 26 جون سے 17 جولائی کے درمیان 178 افراد جاں بحق ہوئے جب کہ 491 زخمی رپورٹ ہوئے، جس میں 85 بچے بھی شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 54 اموات رپورٹ ہوئیں اور 227 افراد زخمی ہوئے۔

واضح رہے کہ 16 سے 17 جولائی کے درمیان صوبہ پنجاب کے بڑے شہروں راولپنڈی، جہلم اور چکوال میں شدید بارشیں رپورٹ ہوئیں، جس سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔

  دوسری جانب راولپنڈی میں 15 گھنٹوں کے درمیان 255 ملی میٹر بارش سے نالہ لئی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہونے پر سائرن بجائےگئے، چکوال میں کلاؤڈ برسٹ کے بعد 423 ملی میٹر بارش برسنے پر ڈیم کا بند ٹوٹ گیا۔

 محکمہ موسمیات نے بارشوں کا موجودہ سلسلہ جولائی تک جاری رہنے کی پیش گوئی جاری کر دی،مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال اور جہلم میں بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آزاد کشمیراورگلگت بلتستان کے چند مقامات پربھی بارش کی پیش گوئی ہے، پنجاب کے شہروں منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیرآباد، لاہور، سیالکوٹ، شیخوپورہ، ساہیوال، جھنگ، فیصل آباد، اوکاڑہ، چنیوٹ، قصور، سرگودھا، خوشاب، بہاولپوراورڈی جی خان میں بارش کا امکان ظاہرکیا گیا ہے۔

 پنجاب  میں 25 جون سے  اب تک بارشوں سے ہونے والے نقصانات کی رپورٹ سامنے آگئی۔ 

ریسکیو حکام کی رپورٹ کے مطابق 25 جون سے اب تک پنجاب بھر میں بارشوں سے ہونے والے حادثات  میں 109 افراد جاں بحق اور 438 زخمی ہوئے جبکہ حالیہ بارشوں سے سب سےزیادہ 24 اموات لاہور میں ہوئیں۔

رپورٹ کے مطابق فیصل آباد میں 15،شیخوپورہ  میں 11 ، راولپنڈی  میں 10،اوکاڑہ  میں 8 ،بہاولنگر میں 7 اموات ہوئیں جب کہ  پنجاب کے باقی اضلاع میں 34 افراد جاں بحق ہوئے۔ 

ترجمان ریسکیو کے مطابق25 جون سے اب تک 351 بوسیدہ عمارتیں گرنے کے واقعات ہوئے اور  زیادہ تر اموات بوسیدہ عمارتیں گرنے کی وجہ سے ہوئیں، کرنٹ لگنے کے 22  واقعات اور 61 ٹریفک حادثات بھی ہوئےجب کہ آسمانی بجلی گرنے کے 4 اور35متفرق حادثات ہوئے۔