پاکستان کا ایران میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر میزائل حملہ،7افراد ہلاک

Jan 18, 2024 | 09:29:AM
پاکستان کا ایران میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر میزائل حملہ،7افراد ہلاک
کیپشن: مرگ بر آپریشن
سورس: 24news.tv
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)ایران کی جانب سے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی اور پنجگور میں میزائل حملے کے جواب میں پاکستان نے ایران کے اندر دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر میزائل فائر کیے ہیں۔

سرکاری طور پر اس حملے کی تصدیق نہیں کی گئی تاہم اطلاعات کے مطابق پاکستان نے بی ایل ایف اور بی ایل اے کے دو کیمپوں کو نشانہ بنایا ہے۔جوابی حملے سے کچھ گھنٹے پہلے پاکستان کے وزیر خارجہ جلیل لباس جیلانی نے اپنے ایرانی ہم منصب کو بتایا تھا کہ پاکستان جوابی کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

اگرچہ ایران کے خلاف جوابی کارروائی کے حوالے سے آئی ایس پی آریا حکومت کی جانب سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا تاہم اسلام آباد میں رپورٹرز کا کہنا ہے کہ سرکاری حکام نے انہیں حملے کے بارے میں بتایا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ایرانی جارحیت کا جواب دینے کا حق محفوظ رکھتے ہیں، وزیر خارجہ کا ایرانی ہم منصب کو دو ٹوک جواب

صحافیوں کے مطابق پاکستان نے پاک ایران سرحد کے قریب ایرانی حدود میں کیمپوں پر میزائلوں اور ڈرون سے حملہ کیا,ایران میں بھی سرکاری ذرائع ابلاغ اور حکومت کی جانب سے مکمل خاموشی اختیار کی گئی ہے لیکن سوشل میڈیا پر بعض پوسٹوں میں کہا جا رہا ہے کہ پاکستان نے سرحدی شہر سروان میں حملہ کیا ہے۔

دعویٰ کیا جارہا ہے کہ  اس جوابی کارروائی کیلئے پاکستان نے ائیر فورس، راکٹس، ڈرونز، کلر ڈرونز، لائٹرنگ میونیشنز کا استعمال کیا۔

سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر پاکستان فوج کی خبریں شیئر کرنے والے  آفیشل اکاؤنٹ نے پاکستان کے جواب وار کی تصدیق کی اور بتایا کہ  ایران میں بلوچ دہشت گردوں کے کیمپوں کو نشانہ بنایا گیا ہے، بھاری جانی و مالی نقصان کی اطلاع ہے۔

ایرانی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے دعوی کیا جا رہا ہے کہ پاکستانی حملے میں 10 افراد ہلاک ہوئے, میڈیا پر تباہی کے مناظر کی کچھ ویڈیوز اور تصاویر بھی اپلوڈ کی گئی ہیں جن کی ازادانہ تصدیق نہیں ہو سکی۔

سوشل میڈیا پر بعض لوگوں نے ایران میں انے والے زلزلے کی تباہی کی پرانی تصویر کو بھی پاکستانی میزائل حملے سے جوڑنے کی کوشش کی ہے۔

مرنے والے تمام افراد غیر ملکی تھے :ایرانی میڈیا دعویٰ

ایرانی سرکاری میڈیا کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی طرف سے کیے گئے میزائل حملے میں  تین خواتین،4 بچے  مارے گئے ہیں ۔میڈیا نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ مرنے والے تمام افراد غیر ملکی تھے ان میں کوئی بھی ایرانی نہیں تھا ۔

امریکی میڈیا  کے مطابق پاکستانی حکام نے بتایا ہے کہ ایران میں سات جگہوں کو نشانہ بنایا گیا ہے،سی این این کے مطابق دھماکوں میں سات افراد مارے گئے ہیں ۔

ایران نے فضائی حملے پر پاکستان کے ناظم الامور کو طلب کر لیا

ایرانی خبررساں ایجنسی کے مطابق پاکستان کی جانب سے ایران کے صوبہ سیستان و بلوچستان پر میزائل حملے کے بعد ایرانی وزارت خارجہ نے جمعرات کی صبح پاکستانی ناظم الامور کو طلب کیا ،پاکستانی ناظم الامور کو وزارت خارجہ میں طلب کر کے واقعے سے متعلق وضاحت طلب کی ہے۔

ایران نے حملے کی مذمت کی ہے،ایرانی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ سیستان میں پاکستان کی طرف سے مزائیل حملے کی مذمت کرتے ہیں ۔