صوفی اوپیرا گلوکارہ سائرہ پیٹر کیلئے واشنگٹن ڈی سی میں اعلیٰ اعزاز

 محروم خواتین اور بچوں تک امید اور وقار کا پیغام پہنچانے کی کوشش کر رہی ہوں،سائرہ پیٹر

Feb 18, 2026 | 15:06:PM
صوفی اوپیرا گلوکارہ سائرہ پیٹر کیلئے واشنگٹن ڈی سی میں اعلیٰ اعزاز
کیپشن: سائرہ پیٹرایوارڈوصول کرتے ہوئے
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)نامورصوفی اوپیرا گلوکارہ سائرہ پیٹر کو امریکا کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں امریکی کانگریس کے ایوان میں منعقدہ عالمی تقریب ’’شی لیڈز دی نیشنز‘‘ کے دوران اعلیٰ اعزاز سے نوازدیا گیا ۔
امریکی کانگریس میں منعقد ہونے والے She Leads the Nations Global Summit میں امریکا سمیت دنیا بھر سے تعلق رکھنے والی خواتین رہنماؤں، ماہرین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔
اس عالمی اقدام کی بنیاد لِز ڈوئل نے رکھی جو 2021 میں قائم ہونے والی تحریک She Leads America کا عالمی توسیعی منصوبہ ہے، جس کا مقصد حکومت، میڈیا، کاروبار، تعلیم، صحت، دفاع اور ثقافت کے شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی خواتین کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے۔


تقریب میں دنیا بھر سے منتخب کی گئی 14 خواتین رہنماؤں کو ان کی قیادت، خدمات اور اثر و رسوخ کے اعتراف میں اعزازات دیے گئے۔
 صوفی اوپیرا گلوکارہ سائرہ پیٹر نے اس موقع پرکہا کہ میرے لیے واشنگٹن ڈی سی میں امریکی کانگریس میں مدعو کیا جانا باعثِ اعزاز ہے،اس تاریخی مقام پر ملنے والی عزت، احترام اور پذیرائی ہمیشہ میرے ساتھ رہے گی،انہیں امریکی محکمہ خارجہ کے خصوصی دورے کی دعوت بھی دی گئی، جہاں آفس آف ڈیموکریسی، ہیومن رائٹس اینڈ لیبر کی افسر مس بیلسِس رومیرو نے میزبانی کی،انہیں پاکستانی ثقافت کی نمائندگی کرتے ہوئے روایتی لباس میں پاکستان کے پرچم کے سامنے تصویر بنوانے پر فخر محسوس ہوا۔
تقریب کے دوران صوفی اوپیرا گلوکارہ سائرہ پیٹر کو اسٹیج پر مدعو کرنے سے قبل ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا گیا کہ انہوں نے شاہ عبداللطیف بھٹائی کے صوفی پیغامِ امن اور ہم آہنگی کو موسیقی کے ذریعے دنیا بھر میں متعارف کرایا، صوفی اوپیرا کے نئے انداز کو فروغ دیا اور نوجوان خواتین کی تربیت کے لیے نمایاں کردار ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیں:بھارتی اداکارہ پروینا دیش پانڈے کینسر کےخلاف جنگ ہارگئیں
ایوارڈ وصول کرتے ہوئے سائرہ پیٹر نے کہا کہ وہ صوفی موسیقی کے ذریعے محروم خواتین اور بچوں تک امید اور وقار کا پیغام پہنچانے کی کوشش کر رہی ہیں۔