دنیا کے بہترین ایئر پورٹس کی رینکنگ جاری، پاکستانی ہوائی اڈوں کو کونسا نمبرملا؟

Dec 18, 2025 | 14:05:PM
دنیا کے بہترین ایئر پورٹس کی رینکنگ جاری، پاکستانی ہوائی اڈوں کو کونسا نمبرملا؟
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)دنیا بھر کے ایئرپورٹس کی کارکردگی اور مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات سے متعلق معروف سکائی ٹریکس نے اپنی تازہ ترین عالمی رینکنگ رپورٹ جاری کر دی، جس میں پاکستان کے بڑے ایئرپورٹس کی درجہ بندی بھی سامنے آ گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو عالمی سطح پر 3 سٹار کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے جب کہ لاہور اور کراچی کے بین الاقوامی ایئرپورٹس کو 2 اسٹار کیٹیگری میں رکھا گیا ہے۔

 یہ درجہ بندی نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر کے ہوابازی کے شعبے کے لیے ایک اہم اشاریہ سمجھی جا رہی ہے کیوں کہ اس کا براہِ راست تعلق مسافروں کے سفر کے تجربے سے ہوتا ہے۔

 رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے مسافروں کی سہولیات، امیگریشن کے عمل سے ایسی سطح حاصل کی ہے جو اسے 3 سٹار ایئرپورٹس کی فہرست میں لے آئی ہے۔

اس کیٹیگری میں شامل ہونا اس بات کی علامت سمجھا جاتا ہے کہ ایئرپورٹ بنیادی سہولیات کے ساتھ ایک معقول بین الاقوامی معیار پر پورا اترتا ہے، اگرچہ اب بھی بہتری کی گنجائش موجود ہوتی ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اسلام آباد ایئرپورٹ کے ساتھ اسی 3 اسٹار کیٹیگری میں دنیا کے کئی بڑے اور مصروف ایئرپورٹس بھی شامل ہیں۔

 ان میں دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ، مانچسٹر ایئرپورٹ، نیو یارک کا جان ایف کینیڈی (جے ایف کے) ایئرپورٹ، واشنگٹن کا بڑا ایئرپورٹ، ماسکو، میکسیکو سٹی اور کویت انٹرنیشنل ایئرپورٹس شامل ہیں۔

اسی طرح بھارت کے دہلی، کولکتہ اور احمد آباد ایئرپورٹس کو بھی اسی 3 سٹار کیٹیگری میں رکھا گیا ہے، جو خطے میں ہوابازی کے معیار کا تقابلی جائزہ پیش کرتا ہے۔

مزید پڑھیں:21 دسمبر کو ملک گیر احتجاج ہوگا: حافظ نعیم الرحمان

دوسری جانب لاہور اور کراچی جیسے بڑے اور مصروف پاکستانی ایئرپورٹس کو 2 سٹار کیٹیگری میں شامل کیا جانا کئی سوالات کو جنم دے رہا ہے۔

 ماہرین کے مطابق اس درجہ بندی سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان ایئرپورٹس پر مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات، امیگریشن کا نظام، صفائی، ٹرمینل کی حالت اور سروسز عالمی معیار سے ابھی خاصا نیچے ہیں۔

سکائی ٹریکس کی درجہ بندی کا معیار ایئرپورٹس پر مسافروں کو دستیاب سہولیات، امیگریشن اور سیکیورٹی کے عمل، ٹرمینلز کے آرام، صفائی، معلوماتی نظام اور مجموعی سفری تجربے پر مبنی ہوتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق عالمی سطح پر صرف 12 ایئرپورٹس ایسے ہیں جنہیں 5 سٹار کی اعلیٰ ترین کیٹیگری دی گئی ہے۔

 یہ ایئر پورٹص بہترین سہولیات، جدید انفرا اسٹرکچر اور غیر معمولی سروس کے حامل سمجھے جاتے ہیں۔

اس کے علاوہ 81 ایئرپورٹس کو 4 سٹار کیٹیگری میں رکھا گیا ہے، جو اعلیٰ معیار کی نمائندگی کرتے ہیں۔