سیلابی صورتحال، تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)موسمی صورتحال کے پیش نظر تمام تعلیمی ادارے 5 روز کیلئے بند رکھنے کا اعلان کردیا گیاہے۔
آزاد کشمیر کے ضلع باغ میں محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کئے گئے شدید سیلابی الرٹ کے پیشِ نظر تمام تعلیمی ادارے عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے،سرکاری اعلامیے میں کہا گیا کہ تمام سرکاری ونجی تعلیمی اداروں کو 19 سے 23 اگست تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، اس اقدام کا مقصد طلبا اور عملے کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے کیونکہ خطے میں مسلسل اور متوقع شدید بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔
خیبرپختونخوا کے ضلع مانسہرہ میں بھی طوفانی بارشوں اور سیلاب کے باعث 2 روز کیلئے سکول بند کر دیئے گئے ہیں، ضلعی انتظامیہ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
ڈی سی مانسہرہ کے مطابق مون سون بارشوں کے پیش نظر تمام سکول 2 روز کیلئے بند رہیں گے، مون سون بارشوں کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کے طور پر یہ فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ طلبہ اور عملے کو کسی قسم کے خطرے سے بچایا جا سکے۔
اس کے علاوہ ملکہ کوہسار مری میں شدید بارشوں کی وجہ سے 2 دن سکول بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،سی ای او ایجوکیشن ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے مطابق منگل 19 اگست اور بدھ 20 اگست کو تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔
مری میں تیز بارش کے باعث ندی نالے بپھر گئے ہیں، کہوٹہ جی پی او چوک مال روڈ پر پانی تالاب کا منظر پیش کر رہا ہے۔
واضح رہے کہ مری میں کلاؤڈ برسٹ کا خطرہ بھی ظاہر کیا گیا ہے،اس سلسلے میں انتظامیہ نے شہریوں اور سیاحوں کو الرٹ بھی جاری کر دیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر مری نے کہا ہے کہ عوام بارشوں کے دوران ندی نالوں سے دور رہیں،مری میں آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران شدید بارشوں کا امکان ہے۔
دوسری جانب ،پنجاب بھر کے تعلیمی ادارے دوبارہ کھل گئےہیں،9ویں، 10ویں ،11ویں اور 12ویں کلاسز کیلئے تعلیمی ادارے کھل گئے ہیں جبکہ او اینڈ اے لیول کی کلاسزبھی گرمیوں کی چھٹیوں کے بعد دوبارہ شروع ہوگئی ہیں۔
لاہور پہلی سے آٹھویں جماعت تک والے سکول یکم ستمبر سے کھلیں گے جبکہ پنجاب بھر میں میٹرک اور انٹر کی کلاسز کا دوبارہ آغاز ہوگیاہے۔
اڑھائی ماہ بعد سکولوں میں میٹرک اور انٹر کی نصابی سرگرمیوں کا آغاز ہوگیاہے،پہلے روز سکولوں میں طلباء کی حاضری پچاس فیصد سے بھی کم ہے۔
یہ بھی پڑھیں: 23 اگست کو چھٹی کا اعلان