بنوں اورشیرانی میں دہشت گردوں کے حملے، 3 دہشت گرد ہلاک، 4 زخمی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(عبدالقیوم وزیر،زعفران خان)خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں اوربلوچستان کے ضلع شیرانی میں دہشت گردوں کے حملے ناکام بنا دیئے گئے۔
بنوں میں دہشت گردوں نے پہلے میریان تھانے اور پھر مزنگ چوکی کو نشانہ بنایا، تاہم پولیس نے دلیری اور حکمت عملی سے دونوں حملے پسپا کر دیئے۔
ریجنل پولیس آفیسر کے مطابق دہشت گردوں نے میریان تھانے پر حملہ کیا جسے 20 منٹ میں ناکام بنادیا گیا، میریان میں مزنگ چوکی پر بھی درجنوں دہشت گردوں نے بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا جہاں فائرنگ کا سلسلہ ایک گھنٹے تک جاری رہا۔
آر پی او بنوں سجاد خان کے مطابق پولیس نے 3 دہشت گردوں کو ہلاک جبکہ 4 کو زخمی کردیا، دہشت گردوں کے ساتھی ہلاک اور زخمیوں کو لے کر فرار ہو گئے جبکہ حملے میں 3 پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوئے ہیں۔
بنوں میں تھانہ ہوید کی حدودمیں مزنگہ پولیس چوکی پر رات گئے دو سو سے زائد دہشت گردوں نے پولیس چوکی پر حملہ کیاجن کاپولیس کے بہادر جوانوں نےبہادری سے مقابلہ کرتے ہوئےبھرپور جوابی کارروائی کی،دونوں اطراف سے بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا،حملے میں چار پولیس اہلکار زخمی ہوگئے جنہیں ہسپتال منتقل کردیاگیاہے،پولیس کی جانب سے جوابی کارروائی میں متعدد دہشت گردوں کو مارنے کا دعویٰ کیاگیاہے،دہشت گرد چوکی کے اندر گھسنے کی کوشش کر رہے تھے جنہیں ناکام بنا دیاگیا۔
یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم نے پی ٹی وی کے انگریزی چینل کی ری لانچنگ کردی
ڈی پی او سلیم عباس کلاچی کے مطابق دہشتگردوں نے چوکی کی دیوار کے ساتھ دھماکا خیز موادبھی نصب کیا تھا،مواد پھٹنے سے دیوار کو نقصان پہنچا تاہم پولیس کے بہادر جوانوں نے دہشتگردوں کو بھاگنے پر مجبور کر دیا۔
بلوچستان کےضلع شیرانی میں تھانے پردہشت گردوں کے حملے میں ایک اہلکار شہید اور2 زخمی ہوگئے جبکہ ایک اہلکار لاپتہ ہے،ڈپٹی کمشنر شیرانی حضرت ولی کاکڑ کے مطابق تھانے پر حملے میں ایک اہلکار شہید جبکہ دو اہلکار سپائی واحد خان اور کالو خان زخمی ہوگئے، حملے کے بعد سے ایک لیویز سپاہی اعظم خان لاپتہ ہے،ڈی سی کی سربراہی میں فورسز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر موجود ہے اور لاپتہ سپاہی کی تلاش اور سرچ آپریشن میں مصروف ہے۔
شیرانی ٹاؤن میرعلی خیل میں واقع پولیس اسٹیشن پر گزشتہ شب دہشت گردوں سے مقابلے کے دوران شہیدہونےوالے BC کانسٹیبل افتاب الرحمان کو ژوب پولیس نے اعزاز کے ساتھ پولیس لائن ژوب میں سلامی دی اور نماز جنازہ ادا کردیا گیا،نماز جنازہ میں اعلیٰ افسران، پولیس اہلکاروں اور معززین علاقہ نے بھی میں شرکت کی۔