ایسا جواب ملے گا کہ یہ ساری زندگی یاد رکھیں گے، وزیرداخلہ کا دہشتگردوں کو پیغام

Mar 17, 2024 | 14:51:PM
ایسا جواب ملے گا کہ یہ ساری زندگی یاد رکھیں گے، وزیرداخلہ کا دہشتگردوں کو پیغام
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(راؤدلشاد)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شمالی وزیرستان میں میر علی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے پر اظہارِ مذمت کیا ہے۔وفاقی وزیر داخلہ نے دوٹوک پیغام میں کہا ہے کہ قوم کو یقین دلاتے ہیں کہ اس بزدلانہ کارروائی کا دشمن کو ایسا جواب ملے گا کہ یہ ساری زندگی یاد رکھیں گے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ میر علی چیک پوسٹ پر دشمن کے حملے کی سب پرزور مذمت کرتے ہیں،قوم کو یقین دلاتے ہیں کہ اس بزدلانہ کارروائی کا دشمن کو ایسا جواب ملے گا کہ یہ ساری زندگی یاد رکھیں گے،اب وہ وقت نہیں ہے کہ دشمن حملہ کرے اور ہم صرف مذمت کریں۔
میڈیا کو جاری بیان میں  انہوں نے کہا   کہ  دشمن جس طرح حملہ کر رہا ہے،اس سے کہیں سخت جواب ملے گا، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں متحد ہے اور پاک فوج کے ساتھ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم سب دشمن کی بزدلانہ کارروائیوں کا بھرپور جواب دیں گے،میر علی میں شہادت کا بلندرتبہ پانے والے لیفٹیننٹ کرنل کاشف علی، کیپٹن محمد احمد بدر سمیت 7 جوان پوری قوم کے ہیرو ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:وزیرستان میں سکیورٹی چیک پوسٹ پر حملہ  پی ٹی آئی کا ردعمل بھی سامنے آگیا
وزیراعلی محسن نقوی نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتی ہے، پاک فوج کے جری سپوتوں نے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ دے کر دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا،پاک فوج کے افسروں اور جوانوں نے اپنے قیمتی لہو سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تاریخ رقم کی ہے،شہدائے وطن کی لازوال قربانیاں نا قابل فراموش ہیں،شہداء ہمارا فخر ہیں اور شہداء کی عظیم قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔