خطے اور عالمی امن کے دیر پا قیام سے ہی معاشی ترقی کا خواب پورا ہوگا: وزیراعظم شہباز شریف
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اویس کیانی)وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والی خواتین ارکانِ پارلیمنٹ نے ملاقات کی، جس میں وفاقی بجٹ، ملکی معیشت، خواتین کی ترقی، عوامی فلاح و بہبود اور خطے کی موجودہ صورتحال سمیت مختلف اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے خواتین ارکان کا خیرمقدم کرتے ہوئے جاری بجٹ اجلاس میں ان کی فعال اور بھرپور شرکت پر شکریہ ادا کیا، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ حکومت نے حتی الامکان بجٹ میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کی ہے اور خواتین کو معاشی و سماجی طور پر بااختیار بنانے کے لیے متعدد اقدامات شامل کیے گئے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی خواتین کو قومی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بنانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، انہوں نے بتایا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں خواتین کی خودمختاری، تعلیم، روزگار اور قومی دھارے میں شمولیت بڑھانے کے لیے خصوصی اقدامات تجویز کیے گئے ہیں۔
وزیراعظم نے خطے کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے کشیدگی کے بادل چھٹ گئے ہیں اور امن کے قیام کی کوششیں کامیاب ہوئی ہیں،انہوں نے دوست ممالک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان ممالک نے امن و استحکام کے لیے پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا۔
یہ بھی پڑھیں:الیکشن لڑ لیں۔۔!رانا تنویر نے بانی پی ٹی آئی کو چیلنج کر دیا
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی اور دیگر حکومتی اداروں نے خطے میں امن کے قیام کے لیے خلوص نیت سے کام کیا، وزیراعظم کے مطابق خطے اور دنیا میں پائیدار امن ہی معاشی ترقی کی ضمانت ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے عالمی مہنگائی کے اثرات سے عوام کو بچانے کے لیے بھرپور اقدامات کیے، جن میں 128 ارب روپے کی سبسڈی اور کفایت شعاری مہم شامل ہے، انہوں نے دعویٰ کیا کہ بہتر منصوبہ بندی کے باعث ملک میں ایندھن کا کوئی بحران پیدا نہیں ہوا اور نہ ہی عوام کو طویل قطاروں کا سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے مشکل معاشی حالات کے باوجود عوام دوست بجٹ پیش کیا ہے جس سے صنعت، برآمدات اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا، آئندہ سال کے بجٹ میں آبی ذخائر، آئی ٹی، زراعت اور معدنیات کے شعبوں پر خصوصی توجہ دی گئی ہے تاکہ معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کیا جا سکے۔
مزید پڑھیں:سونا سستا ہوگیا
خواتین ارکانِ پارلیمنٹ نے وزیراعظم اور حکومتی معاشی ٹیم کو خواتین کی ترقی اور بااختیاری کے لیے بجٹ میں شامل اقدامات پر خراج تحسین پیش کیا، انہوں نے اپنے حلقوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں، عوامی مسائل اور بجٹ تجاویز سے بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا۔
اجلاس کے شرکاء نے تعلیم، صحت، نوجوانوں کے روزگار، صنعت، مواصلات، غذائی تحفظ اور دیگر شعبوں میں مزید اقدامات کے حوالے سے تجاویز بھی پیش کیں۔
ملاقات میں ارکان پارلیمنٹ سیدہ نوشین افتخار، بیگم تہمینہ دولتانہ، شائستہ خان، طاہرہ اورنگزیب، شائستہ پرویز، منیبہ اقبال، نزہت صادق، مسرت آصف خواجہ، رومینہ خورشید عالم، زیب جعفر، کرن عمران ڈار، زہرہ ودود فاطمی، آسیہ ناز تنولی، صبا صادق، فرح ناز اکبر، شہناز سلیم ملک، زینب محمود بلوچ، کرن حیدر، اختر بی بی، غزالہ انجم، مس شاہین، ثمر ہارون بلور، سعیدہ جمشید، تمکین اختر نیازی، سائرہ تاررڑ، ہما اختر چغتائی، ماہ جبین خان عباسی، گلناز شہزادی، شمائلہ رانا، شازیہ فرید، سیدہ آمنہ بتول، رابعہ نسیم فاروقی، ارم حامد حمید اور مس نیلم شریک تھیں.
اجلاس میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ، وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، وزیرِ برائے امور عامہ یونٹ رانا مبشر اقبال، وزراء مملکت شزرا منصب علی خان کھرل، وجیہہ قمر اور معاون خصوصی طلحہ برکی بھی شریک تھے۔