سڑکوں پر افطار کرانے کیلئے رجسٹریشن لازمی قرار

Feb 17, 2026 | 12:18:PM
سڑکوں پر افطار کرانے کیلئے رجسٹریشن لازمی قرار
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے رمضان 2026 سے قبل ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے سڑکوں اور عوامی مقامات پر افطار دسترخوان لگانے کے لیے پیشگی اجازت اور باقاعدہ رجسٹریشن کو لازمی قرار دے دیا ہے۔

حکام کے مطابق یہ اقدام ٹریفک کی روانی، سکیورٹی خدشات اور صفائی کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ برسوں کے دوران مختلف شاہراہوں، چوراہوں اور فٹ پاتھوں پر بغیر اجازت افطار دسترخوان لگانے سے ٹریفک جام اور عوامی مشکلات میں اضافہ ہوا۔

 بعض مقامات پر ہنگامی گاڑیوں کی آمد و رفت بھی متاثر ہوئی، جس کے باعث شہریوں کی جانب سے شکایات موصول ہوئیں۔

 نئے فیصلے کے تحت جو بھی تنظیم، فلاحی ادارہ یا شہری گروپ عوامی افطار کا اہتمام کرنا چاہے گا، اسے متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر آفس یا ضلعی انتظامیہ سے پیشگی این او سی حاصل کرنا ہوگا۔

مزید پڑھیں:پرو لیگ: قومی ہاکی ٹیم کی غیر معیاری رہائش کی ویڈیو وائرل

 درخواست گزاروں کو مقام، وقت، متوقع شرکا کی تعداد اور سیکیورٹی و صفائی کے انتظامات کی تفصیلات فراہم کرنا ہوں گی۔

ضلعی حکام نے واضح کیا ہے کہ بغیر اجازت سڑک یا عوامی جگہ پر افطار دسترخوان لگانے کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جس میں جرمانہ اور سامان کی ضبطی بھی شامل ہو سکتی ہے۔

 تاہم فلاحی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی جاری رہے گی، بشرطیکہ وہ مقررہ ضابطہ کار کے مطابق انجام دی جائیں۔

شہری حلقوں نے فیصلے پر ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ کچھ افراد اسے نظم و ضبط کے لیے ضروری قرار دے رہے ہیں

 دیگر کا کہنا ہے کہ فلاحی سرگرمیوں کو سہل بنانے کے لیے رجسٹریشن کا عمل سادہ اور تیز ہونا چاہیے۔