محکمہ موسمیات نے تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش کی نوید سنا دی

Feb 17, 2024 | 19:18:PM
محکمہ موسمیات نے تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش کی نوید سنا دی
کیپشن: موسم، فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(روزینہ علی)محکمہ موسمیات نے وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے درمیانی سے تیز موسلادھار بارش اور ژالہ باری کی پیش گوئی کردی۔
محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے درمیانی سے تیز موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔
ادھرخیبرپختونخواکے علاقوں چترال، دیر، سوات، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، کوہستان، شانگلہ، بونیر، کرک، خیبر، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی، بونیر، باجوڑ، کرم، وزیرستان، کوہاٹ، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے درمیانی سے تیز موسلادھار بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، اس دوران چند مقامات پر ژالہ باری کی بھی توقع ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پنجاب میں مری ،گلیات، اسلام آباد/راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، منڈی بہاو¿الدین، میانوالی، خوشاب، سرگودھا، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، سیالکوٹ، نارووال، لاہور اورقصور میں تیز ہواؤں،آندھی اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے درمیانی سے تیز موسلادھار بارش اور پہاڑوں پربرفباری کا امکان ہے، اس کے علاوہ ملتان، بھکر، کوٹ ادو، لیہ، راجن پور اور ڈیرہ غازی خان میں تیز ہواؤں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ہے، اس دوران چند مقامات پر ژالہ باری کی بھی توقع ہے۔
موسم کا احوال بتانے والوںکاکہناتھا کہ بلوچستان کے علاقوں کوئٹہ، قلات، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ،ژوب، شیرانی، بارکھان، موسیٰ خیل اورکوہلومیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، صوبہ کے دیگر اضلاع میں موسم خشک رہے گا،ادھرسندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کے علاوہ آندھی/تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پرتیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے درمیانی سے تیز موسلادھار بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، اس دوران چند مقامات پر ژالہ باری کی بھی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے انتباہ کیا گیا ہے کہ 18 سے20 فروری کے دوران مری، گلیات، ناران، کاغان، دیر، سوات، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، شانگلہ، استور، ہنزہ، اسکردو، وادی نیلم، باغ، پونچھ اور حویلیاں میں تیز بارش اوربرفباری سے سڑکیں بند اور گاڑیوں کی آمد ورفت میں خلل کا امکان ہے، اس دوران بالائی خیبر پختونخوا، مری، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی کے 106 سے نومنتخب آزاد امیدوار ن لیگ میں شامل