انشورنس کلیمز کی ادائیگی میں تاخیر پر انشورنس کمپنی کی4 اپیلیں مسترد

May 16, 2026 | 19:13:PM
 انشورنس کلیمز کی ادائیگی میں تاخیر پر انشورنس کمپنی کی4 اپیلیں مسترد
کیپشن: انشورنس کلیمز کی ادائیگی میں تاخیر پر انشورنس کمپنی کی4 اپیلیں مسترد
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ملک اشرف  )لاہور ہائی کورٹ نے انشورنس کلیمز کی ادائیگی میں تاخیر پر سود کی ادائیگی سے متعلق اہم فیصلہ جاری کرتے ہوئے اسٹیٹ لائف انشورنس کی جانب سے دائر چاروں اپیلیں مسترد کر دیں۔

 عدالت عالیہ کے جسٹس راحیل کامران نے 13 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کیا، جس میں ٹرائل کورٹ کے فیصلوں کو قانون کے مطابق قرار دیتے ہوئے برقرار رکھا گیا۔

فیصلے میں کہا گیا کہ انشورنس رقم کی ادائیگی میں تاخیر کی صورت میں بیواؤں کو پانچ فیصد اضافی شرح سے سود ادا کرنے کا حکم برقرار رہے گا۔ عدالت کے مطابق صارفین کو مالی تحفظ فراہم کرنا قانون کا بنیادی مقصد ہے اور اگر 90 روز کے اندر انشورنس کلیمز سیٹل نہ کیے جائیں تو کمپنی قانوناً سود ادا کرنے کی پابند ہوگی۔

عدالت نے قرار دیا کہ مرحوم بیمہ داروں کے اہلخانہ انشورنس ایکٹ 1938 کے تحت قانونی سود حاصل کرنے کے حقدار ہیں،فیصلے میں مزید کہا گیا کہ وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے کا اطلاق مستقبل سے ہوگا جبکہ ماضی میں طے شدہ قانونی حقوق اور واجبات متاثر نہیں ہوں گے۔

لاہور ہائی کورٹ نے اسٹیٹ لائف انشورنس کی جانب سے ’اندلس بیگم کیس‘ کے فیصلے کی بنیاد پر دائر استدعا بھی مسترد کردی۔ عدالت کے مطابق موجودہ مقدمات میں انشورنس کلیمز کا تنازع انشورنس آرڈیننس 2000 سے پہلے کا ہے، اس لیے قوانین میں بعد ازاں ہونے والی تبدیلیاں ماضی کے حاصل شدہ حقوق کو ختم نہیں کرسکتیں۔

عدالت نے مرحوم ریاض حسین، اسلم شاہ، علمدار حسین اور محمد اعظم کے اہلخانہ کے حق میں فیصلے برقرار رکھتے ہوئے تمام اپیلیں خارج کردیں۔

یہ بھی پڑھیں :پاکستانی فاسٹ باؤلر محمد عباس نے ایک اور اعزاز اپنے نام کر لیا