آسٹریلیا:شارک کے حملے میں سیاح ہلاک
Stay tuned with 24 News HD Android App
( ویب ڈیسک )آسٹریلیا کے مشہور سیاحتی مقام رٹنسٹ آئی لینڈ پر ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے جہاں 38 سالہ تیراک کو مبینہ طور پر 16 فٹ طویل بڑے سفید شارک نے حملہ کر کے ہلاک کر دیا۔
مقامی حکام کے مطابق یہ واقعہ صبح تقریباً 10 بجے اس وقت پیش آیا جب متاثرہ شخص ساحل کے قریب پانی میں موجود تھا، اچانک شارک نے حملہ کیا جس کے بعد فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔
ہنگامی ٹیموں نے متاثرہ شخص کو کشتی کے ذریعے جارجی بے جیٹی تک منتقل کیا جہاں طبی عملے نے سی پی آر سمیت ابتدائی طبی امداد دینے کی کوشش کی، تاہم اسے بچایا نہیں جا سکا۔
پولیس کے مطابق واقعے کے بعد ہیلی کاپٹر اور واٹر پولیس کی ٹیمیں بھی فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں، حکام نے بتایا کہ واقعے کی مکمل رپورٹ تیار کر کے کورونر کو بھجوائی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں:سینیٹ میں ہنگامہ،مسلح جھڑپ،گرفتاری کیلئے مطلوب سیاستدان فرار
محکمہ جنگلی حیات کے مطابق علاقے میں تقریباً 4 سے 5 میٹر طویل شارک کی موجودگی کی اطلاع پہلے بھی موصول ہوئی تھی، جس کے بعد آس پاس کے پانی میں احتیاطی ہدایات جاری کر دی گئی تھیں۔
شارک حملے کے بعد ریسکیو اور نگرانی کے لیے اضافی گشت شروع کر دیا گیا ہے جبکہ سیاحوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مخصوص ساحلی علاقوں سے دور رہیں۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا کے ساحلی علاقوں میں حالیہ مہینوں کے دوران شارک حملوں کے متعدد واقعات سامنے آ چکے ہیں جنہوں نے مقامی آبادی اور سیاحوں میں تشویش بڑھا دی ہے۔