بلاول بھٹو زرداری سے پی پی پی خیبرپختونخوا کے صدراور گورنر فیصل کریم کنڈی کی ملاقات

Jun 16, 2026 | 22:35:PM
بلاول بھٹو زرداری سے پی پی پی خیبرپختونخوا کے صدراور گورنر فیصل کریم کنڈی کی ملاقات
کیپشن: بلاول بھٹو زرداری سے پی پی پی خیبرپختونخوا کے صدر محمد علی شاہ باچا اور گورنر فیصل کریم کنڈی کی ملاقات
سورس: 24نیوز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(روزینہ علی)چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی(پی پی پی)بلاول بھٹو زرداری سے پی پی پی خیبرپختونخوا کے صدر محمد علی شاہ باچا اور گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ پی پی پی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات ندیم افضل چن اور سندھ حکومت کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن بھی موجود تھے۔

بلاول بھٹو زرداری اور پی پی پی خیبرپختونخوا کے صدر محمد علی شاہ باچا کے درمیان صوبے کی سیاسی اور تنظیمی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی،ملاقات میں ایبٹ آباد میں یوتھ کنونشن اور مانسہرہ میں عوامی رابطہ مہم کے تحت ہونے والی تقریب پر بریفنگ دی گئی، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایبٹ آباد میں پارٹی تنظیم کی کارکردگی متاثر کن تھی جبکہ مانسہرہ میں بھی تنظیم نے اچھا کام کیا۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے بلاول بھٹو زرداری کو خیبرپختونخوا میں گندم کی قلت کے بحران سے آگاہ کیا جس پر چیئرمین پیپلز پارٹی نے اظہار تشویش کیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے ہدایت کی کہ جس طرح خیبرپختونخوا میں سی این جی کا مسئلہ حل کیا گیا،اسی طرح گندم بحران کے حل کے لیے بھی اپنا کردار ادا کیا جائے۔

 انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کا مقدمہ تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر لڑا جائے،گورنر فیصل کریم کنڈی نے چیئرمین پیپلز پارٹی کو وفاقی بجٹ میں فاٹا اور پاٹا پر عائد ہونے والے ٹیکس سے متعلق بھی بریفنگ دی،بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ فاٹا اور پاٹا کے عوام کے حقوق کے لیے آواز بلند کرتے رہیں گے۔

ملاقات میں خیبرپختونخوا میں قیام امن کی صورتحال پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں :  پنجاب فنانس بل: زرعی انکم ٹیکس، پراپرٹی ٹیکس اور لوڈر گاڑیوں کے ٹیکس میں اضافے کی تجاویز