نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی چینی ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ

Jun 16, 2026 | 18:50:PM
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی چینی ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(انور عباس  )ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور ایران-امریکا مفاہمتی عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے ایران اور امریکا کے درمیان مفاہمتی یادداشت کے تحت طے پانے والی پیش رفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔

ترجمان کے مطابق چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے ایران اور امریکا کے درمیان مسلسل رابطوں کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے میں پاکستان کی فعال سفارتی کوششوں اور مؤثر ثالثی کردار کو سراہا۔ انہوں نے عالمی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے اہم کردار کا بھی اعتراف کیا۔

اس موقع پر اسحاق ڈار نے ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات اور سفارت کاری کے فروغ کے لیے چین کی مسلسل حمایت کو سراہتے ہوئے علاقائی امن و استحکام کی بحالی کے لیے چین کی کاوشوں، صدر شی جن پنگ کے چار نکاتی تجویز اور پاک چین پانچ نکاتی اقدام کی تعریف کی۔

دونوں رہنماؤں نے ایران-امریکا مفاہمت پر مؤثر عملدرآمد اور تمام زیر التوا مسائل کے پرامن حل کے لیے مسلسل رابطوں کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے عالمی معیشت، توانائی کے تحفظ اور بین الاقوامی تجارت کے تناظر میں آبنائے ہرمز کو کھلا رکھنے کی ضرورت بھی اجاگر کی۔

گفتگو کے دوران اسحاق ڈار اور وانگ ژی نے وزیراعظم شہباز شریف کے حالیہ کامیاب دورۂ چین کا خیرمقدم کیا اور اس دورے کے نتائج پر مؤثر عملدرآمد جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

نائب وزیراعظم نے سی پیک فیز ٹو کے تحت مشترکہ تعاون کو مزید آگے بڑھانے اور دوطرفہ اقتصادی و سرمایہ کاری شراکت داری کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا، جبکہ دونوں ممالک نے دوطرفہ اور علاقائی امور پر قریبی رابطے اور مشاورت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں:ریسکیو ایمرجنسی کیلئے ترقیاتی بجٹ کی تجاویز سامنے آ گئیں