ایران نے موساد کے جاسوس کو پھانسی دے دی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)ایران نے اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے لیے جاسوسی کرنے کے الزام میں سزا یافتہ مجرم اسمٰعیل فقری کو پھانسی دے دی ہے۔
عدالتی فیصلے کی سپریم کورٹ سے توثیق کے بعد پیر کی صبح اس کی سزائے موت پر عملدرآمد کیا گیا۔
ایرانی عدلیہ کے میڈیا سینٹر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، اسمٰعیل فقری گرفتاری کے وقت موساد کے ایجنٹوں سے مسلسل رابطے میں تھا۔
تہران ٹائمز کے مطابق عدالتی دستاویزات سے معلوم ہوتا ہے کہ اسمٰعیل فقری، جو خدانظر کا بیٹا تھا، دو موساد افسران سے رابطے میں تھا
وہ قومی سلامتی سے متعلق نہایت حساس اور خفیہ معلومات محفوظ ذرائع سے موساد کو منتقل کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔
اگرچہ فقری نے اپنی سرگرمیاں انتہائی رازداری سے جاری رکھی ہوئی تھیں، تاہم ایرانی انٹیلیجنس ادارے اس کی نگرانی کر رہے تھے
انہوں نے صیہونی نظام سے وابستہ وسیع تر جاسوسی نیٹ ورک کی نشاندہی بھی کی، فقری کو ایک مربوط سکیورٹی کارروائی کے ذریعے گرفتار کیا گیا۔
گرفتاری کے بعد سکیورٹی اہلکاروں نے اس کے الیکٹرانک آلات کا فرانزک تجزیہ کیا، جس میں موساد کے ایجنٹوں سے تفصیلی پیغامات اور احکامات برآمد ہوئے۔
ان میں واضح ہدایات شامل تھیں کہ فقری کون سی معلومات جمع کرے اور کس طریقے سے اسرائیلی خفیہ ادارے تک منتقل کرے۔
عدالتی کارروائی میں متعدد سماعتوں کے دوران فقری اور اس کے وکیل کو مکمل قانونی سہولتیں فراہم کی گئیں۔
مجرم کو موساد سے حاصل شدہ رقم، الیکٹرانک ثبوت، فرانزک شواہد اور اس کے اپنے اقبالی بیانات کی بنیاد پر سزا سنائی گئی۔
اسے ”صیہونی نظام کی امن و سلامتی کے خلاف دشمنانہ اقدامات سے نمٹنے کے قانون“ کے آرٹیکل 6 کے تحت سزائے موت دی گئی۔
سپریم کورٹ نے ابتدائی فیصلے کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد اس کی توثیق کی، اور تمام قانونی مراحل مکمل ہونے کے بعد عدالت کے حتمی فیصلے کے مطابق اس کی سزائے موت پر عملدرآمد کیا گیا۔