محمود خان اچکزئی قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر مقرر،سپیکر نے حتمی منظوری دیدی

Jan 16, 2026 | 12:19:PM
محمود خان اچکزئی قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر مقرر،سپیکر نے حتمی منظوری دیدی
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( عثمان خان)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے محمود خان اچکزئی کی بطور اپوزیشن لیڈر نامزدگی کردی۔

سپیکرقومی اسمبلی  سردار ایاز صادق نے سینئر پشتون قوم پرست سیاست دان محمود خان اچکزئی کو قائد حزب اختلاف کے طور پر رسمی طور پر نوٹیفائی کر دیا، جس کے ساتھ ہی حکومت اور اپوزیشن بینچوں کے درمیان کئی روز سے جاری مذاکرات کا اختتام ہو گیا۔

24 نیوز ایچ ڈی کے مطابق دونوں فریق پہلے ہی اس تقرری پر اتفاق کر چکے تھے اور توقع تھی کہ محمودخان اچکزئی 23 جنوری کو بلاے جانے والے قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران یہ عہدہ سنبھالیں گے۔

منگل کے اجلاس کے دوران سپیکر ایاز صادق نے اپوزیشن قیادت کو اپنے چیمبر میں بلایا تو یہ عمل تیز ہوا،اس ملاقات میں بیرسٹر گوہر علی خان، اسد قیصر اور عامر ڈوگر نے شرکت کی جو تقریباً ایک گھنٹے جاری رہی۔

پارلیمانی ذرائع کے مطابق حکومت اور اپوزیشن نے اہم آئینی عہدے کے لیے محمود خان اچکزئی کا واحد نام پیش کرنے پر اتفاق کیا تھا جس کے بعد سپیکر نے سرکاری نوٹیفیکیشن جاری کرنے کے لیے ضروری قانونی تقاضوں کا آغاز کیا۔

ملاقات کے بعد رپورٹرز سے بات کرتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے تصدیق کی کہ نامزدگی کے کاغذات پر تمام اعتراضات دور کر دیے گئے ہیں اور دستخطوں کی تصدیق اگلے دن تک مکمل ہو جائے گی،قائد حزب اختلاف کے اعلان کی توقع جمعرات کو تھی اور جمعہ کے اجلاس تک ان کا نامزد امیدوار رسمی طور پر عہدے پر فائز ہو جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:مذاکرات کرنے ہیں تو پہلے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرائیں، بیرسٹرگوہر

پی ٹی آئی کے رہنما عامر ڈوگر نے تصدیق کی کہ اپوزیشن نے اچکزئی کے نام پر متفقہ طور پر اتفاق کیا تھا جبکہ اسد قیصر نے مطالبہ کیا کہ اس عمل میں کسی بھی غیر ضروری تاخیر کا سامنا نہیں کرنا چاہیے۔

آج جاری ہونے والی نوٹیفکیشن کے ساتھ سینئر پارلیمنٹیرین اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کے طور پر باضابطہ طور پر عہدہ سنبھال لیا ہے۔

14 دسمبر 1948 کو پیدا ہونے والے محمودخان اچکزئی پشتون حقوق اور علاقائی خودمختاری کے دیرینہ وکیل کے طور پر جانے جاتے ہیں،انہوں نے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاور سے انجینئرنگ کی ڈگری  حاصل کررکھی ہے،وہ 29 فروری 2024 سے قومی اسمبلی کے رکن کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی نشست 5ماہ سے خالی تھی  ،محمود خان اچکزئی آج کے اجلاس میں بطور اپوزیشن لیڈر شریک ہوں گے۔
واضح رہے کہ اپوزیشن لیڈر کی نشست عمر ایوب کی نااہلی کے بعد خالی ہوئی تھی۔