یہ سیاست کا وقت نہیں، پوری قوم متاثرین کے ساتھ ہے؛امیر مقام
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)وفاقی وزیرانجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ یہ سیاست کا وقت نہیں، پوری قوم متاثرین کے ساتھ ہے،2005 کے زلزلے کے بعد دوسرا بڑا قدرتی سانحہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر و صدرمسلم لیگ ن خیبرپختونخوا انجینئر امیر مقام نے سیلاب سے متاثرہ ضلع بونیر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔اس موقع پر کمشنر مالاکنڈ ڈویژن، ڈپٹی کمشنر بونیر، ضلعی انتظامیہ ، ڈی پی او سمیت وفاقی محکموں پیسکو اور پی ٹی اے سمیت دیگر محکموں کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
امیر مقام نے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات اور تعزیت کی،وفاقی وزیر نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں نقصانات اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔
امیر مقام کاکہناتھا کہ وزیر اعظم شہبازشریف کی ہدایت پر سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کر رہا ہوں،وزیراعظم شہباز شریف امدادی سرگرمیوں کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔ان کا کہناتھا کہ "یہ سیاست کا وقت نہیں، پوری قوم متاثرین کے ساتھ ہے"بونیر میں جاری ریسکیو آپریشن انتظامیہ، پاک فوج اور ایف سی کے جوان حصہ لے رہے ہیں۔ کئی گاؤں مکمل تباہ ہو گئے،متاثرہ علاقوں میں میڈیکل کیمپس قائم کئے گئے ہیں۔
امیر مقام نے کہاکہ وفاقی حکومت تمام وسائل فراہم کرے گی، متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا ۔ 2005 کے زلزلے کے بعد دوسرا بڑا قدرتی سانحہ ہے۔ بونیر میں عارضی راستوں کی بحالی کیلئے کوششیں جاری ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف متاثرہ اضلاع کا جلد دورہ کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں:مفتی کفایت اللہ پر فائرنگ کا واقعہ، پولیس کو اہم کامیابی مل گئی