وزیرداخلہ محسن نقوی کی شہید کیپٹن محمد آصف کے اہلخانہ سے ملاقات،اظہار تعزیت و فاتحہ خوانی کی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اویس کیانی)وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بہاولپور کے نواحی علاقے اوچ شریف میں شہید کیپٹن محمد آصف کے والدین،بھائیوں اور دیگر اہل خانہ سے ملاقات کی،وزیر داخلہ نے شہید کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا اور فاتحہ خوانی کی۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہید کیپٹن محمد آصف کے سوگوار خاندان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی اور شہید کے والد،والدہ اور بھائیوں کے عزم اور حوصلے کو سراہا۔محسن نقوی نے شہید کیپٹن محمد آصف کی والدہ کو دلاسہ دیا اور ان کی ہمت کو سلام پیش کیا۔

وزیرداخلہ نے شہید کیپٹن محمد آصف کے 10 ماہ کے بیٹے محمد ارسلان سے شفقت کا اظہارکیا اور گود میں بیٹھا کر پیار کیا۔محسن نقوی نے شہید کیپٹن محمد آصف کو کم عمری میں ملنے والے میڈلز اور ایوارڈز بھی دیکھے۔
اس موقع پر وزیر داخلہ نے گفتگو کرےت ہوئے کہاکہ آپ جیسے با ہمت خاندان کا حوصلہ ہی قوم کی اصل قوت ہے۔ شہید کیپٹن محمد آصف جوانمردی کی لازوال مثال ہیں۔ شہید کیپٹن محمد آصف کے والدین کو سلام پیش کرتا ہوں۔

محسن نقوی کاکہناتھا کہ شہید کیپٹن محمد آصف نے فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ جواں سال سپوت نے زخمی ہونے کے باوجود شجاعت اور دلیری کے ساتھ بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا۔
وزیر داخلہ نے کہاکہ ہمارا ایمان ہے کہ شہید ہمیشہ زندہ رہتے ہیں اور کیپٹن محمد آصف بھی ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے۔ پوری قوم شہداء کے خاندانوں کی عظمت کو سلیوٹ پیش کرتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہم شہید کیپٹن محمدآصف کے خاندان کےساتھ کھڑے ہیں اور ہمیشہ ساتھ کھڑے رہیں گے۔ شہداء کے خاندانوں کا خیال رکھنا ہماری قومی ذمہ داری ہے ۔ شہداء کے خاندانوں کی لازوال قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔
واضح رہے کہ کیپٹن محمد آصف 12 اگست کو بلوچستان کے بسیمہ شہر میں بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہو گئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں:ایرانی صدر کا پاکستان میں سیلاب سے تباہ کاریوں پر اظہار افسوس، امداد کی پیشکش