آج کہاں کہاں بادل برسیں گے؟محکمہ موسمیات نےپیش گوئی کردی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)محکمہ موسمیات نے آج کراچی میں کہیں ہلکی بارش اور کہیں بوندا باندی کا امکان ظاہر کردیا ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 24گھنٹوں کے دوران کراچی میں مطلع جزوی ابرآلود اور موسم مرطوب رہنے کا امکان ہے ، اس دوران شہر میں کہیں کہیں ہلکی بارش اور بوندا باندی بھی ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کاکہناہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 سے 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:گڈو بیراج کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب،حفاظتی بندوں پر دباؤ بڑھ گیا
محکمہ موسمیات کے مطابق اس وقت ہوا میں نمی کا تناسب 81 فیصد ہے جبکہ سمندری ہوائیں 18 کلو میٹرفی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔
دوسری طرف ترجمان پی ڈی ایم اےپنجاب کاکہناہے کہ مون سون بارشوں کا 11 واں سپیل کل سے شروع ہوگا ،16 سے 19 ستمبر تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں شدید بارشوں کی پیشگوئی ہے،راولپنڈی، مری گلیات ،اٹک ،چکوال، جہلم، گوجرانولہ، لاہور، گجرات اور سیالکوٹ میں بارشیں متوقع ہیں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق نارووال، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، اوکاڑہ، ساہیوال، قصور، جھنگ، سرگودھا، اور میانوالی میں بارشوں کا امکان ہے۔18 اور 19 ستمبر کے دوران راولپنڈی، مری، گلیات کے ندی نالوں میں بہاؤ میں بھی اضافے کا امکان ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیاکے مطابق وزیراعلی پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر صوبہ بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز الرٹ ہیں،مون سون بارشوں کے باعث بڑے شہروں کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے ،محکمہ صحت ،آبپاشی ،تعمیر و مواصلات ،لوکل گورنمنٹ اور لائیو سٹاک کو الرٹ جاری کر دیاگیا ہے، شہریوں سے التماس ہے کہ خراب موسم کی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کر یں،دریاؤں کے اطراف اکٹھے ہونے اور سیرو تفریح سے گریز کریں ،آندھی و طوفان کی صورتحال میں محفوظ مقامات پر رہیں ،غیر ضروری سفر سے گریز کریں،ایمرجنسی صورتحال میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔