جمہوریت عوام کے معاشی، سماجی، ثقافتی حقوق کی حفاظت کرتی ہے:وزیراعظم ، صدر مملکت

Sep 15, 2025 | 00:31:AM
جمہوریت عوام کے معاشی، سماجی، ثقافتی حقوق کی حفاظت کرتی ہے:وزیراعظم ، صدر مملکت
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 ںیوز )پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مملکت آصف زرداری نے عالمی یوم جمہوریت  کے حوالے سے اپنے پیغام میں جمہوریت کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمہوریت  صرف ایک عمل نہیں بلکہ ایک فکری و عملی نظریہ ہے، جو عوام کے معاشی، سماجی اور ثقافتی حقوق کے تحفظ کو یقینی بناتی ہے۔

صدر مملکت آصف زرداری نے کہا کہ عالمی یوم جمہوریت ہمیں جمہوریت کی اہمیت کی یاد دہانی کراتا ہے، وہ نظام جو شہریوں کو بااختیار بناتا ہے اور انہیں سیاسی عمل میں مؤثر شرکت کا موقع فراہم کرتا ہے۔ جمہوریت کسی بھی منصفانہ اور جامع معاشرے کی بنیاد ہے، جو بنیادی حقوق کا تحفظ کرتی ہے اور سیاسی، معاشی اور سماجی شمولیت کو فروغ دیتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ جمہوریت بذاتِ خود شراکت داری پر مبنی ہے، جو مخالف آراء کے احترام، رواداری، سیاسی تنوع اور انفرادی حقوق کے تحفظ کو لازمی قرار دیتی ہے۔ یہ صرف ایک عمل نہیں بلکہ ایک فکری و عملی نظریہ ہے، جو عوام کے معاشی، سماجی اور ثقافتی حقوق کے تحفظ کو یقینی بناتی ہے۔ یہی جمہوریت کو دیگر طرزِ حکومت سے ممتاز بناتی ہے۔

صدر مملکت کے مطابق پاکستان کی سیاسی تاریخ آزمائشوں سے بھرپور رہی ہے، لیکن اسے ہمیشہ ایسے باہمت اور دوراندیش قائدین کی رہنمائی حاصل رہی ہے جن میں شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نمایاں ہیں، جن کی قربانیوں نے ملک میں جمہوری اداروں کی بحالی اور استحکام کی بنیاد رکھی۔ اُن کا ورثہ ہمیں جمہوری اقدار کے تسلسل کی جدوجہد کی یاد دلاتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ اس دن کی مناسبت سے ہمیں اپنی پارلیمنٹ کے اہم کردار کو بھی تسلیم کرنا چاہیے، جو عوام کی آواز کی نمائندہ، قومی پالیسیوں کی معمار اور قومی مسائل کے حل کے لیے بنیادی ادارہ ہے۔ یہ ادارہ عوامی مسائل کے حل، شمولیت پر مبنی طرزِ حکمرانی اور جمہوری مستقبل کی ضمانت فراہم کرتا ہے۔

صدر مملکت نے بتایا کہ آج کے دن، ہم جمہوری اصولوں سے اپنی وابستگی کا پختہ عزم دُہراتے ہیں، صرف جمہوری نظام کے ذریعے ہی ہم مساوات، سماجی و اقتصادی انصاف، اظہارِ رائے کی آزادی اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنا سکتے ہیں۔

دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ  جمہوریت کا عالمی دن ہر سال 15 ستمبر کو دنیا بھر میں اقوام متحدہ کے تحت منایا جاتا ہے۔ یہ دن عالمی سطح پر جمہوریت کی نظام حکومت کے طور پر تنوع اور افادیت پر غور و فکر کا موقع فراہم کرتا ہے،  جمہوریت بنیادی طور پر لوگوں کی آواز اور لوگوں کی نظام حکومت میں شمولیت کا نام ہے۔ 

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں جمہوری  نظام حکومت کے نشوونما میں 1973 کے آئین کی کلیدی اور نمایاں حیثیت   ہے، جمہوری اداروں میں پارلیمان کو بنیادی حیثیت حاصل ہے کیونکہ یہ ادارہ عوامی و ملکی مفاد کے تحفظ کے لیے ہر طرح کی قانون سازی کرنے کا مجاز ہے، آئین پاکستان  کے تحت پارلیمنٹ اجتماعی دانش کے مطابق عوامی افادیت کے قوانین پاس کرتی ہے جس پر حکومت عمل درآمد کرتی ہے۔ 

شہباز شریف نے کہا کہ  1973 کا آئین آرٹیکل 25 کے تحت پاکستان کے ہر شہری کے بنیادی حقوق کو تحفظ فراہم کرتا ہے اور انکی قانون کے سامنے برابری کو  یقینی بناتا ہے۔ شہریوں کی انفرادی سطح کے علاوہ آئین پاکستان، تمام صوبوں کو برابری کی حیثیت دیتے ہوئے  وفاق میں مؤثر کردار ادا کرنے کی بنیاد رکھتا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ آئین پاکستان بنیادی حقوق کو نہ صرف بیان کرتا ہے بلکہ انہیں تحفظ فراہم کرتا ہے،   آئین پاکستان تمام شعبہ ہائے زندگی بالخصوص پارلیمنٹ میں عورتوں کی شمولیت کو بھی یقینی بناتا ہے اور اقلیتوں کی نمائندگی اور انکے حقوق کے تحفظ کے لیے بھی خصوصی اقدامات ہمارے آئین میں درج ہیں، جن میں اقلیتوں کی پارلیمنٹ میں شمولیت سے لے کر انکی مذہبی آزادی کا تحفظ شامل ہے.

 عالمی سطح پر پاکستان اقوام متحدہ کے تحت اصولوں اور تمام عالمی معاہدوں میں جمہوری اقدار کی پاسداری اور فروغ کے لیے ہمیشہ کام کرتا رہا ہے۔
  پاکستان کی جمہوری اصولوں کے فروغ کے لیے حمایت عالمی سطح پر اقوام متحدہ کے سسٹینیبل ڈیولپمنٹ گولز  (SDGs)  کے  عین مطابق ہے جن میں امن، عدل اور مضبوط اداروں کا تحفظ شامل ہے۔ 

آج کے اہم دن،  پاکستان اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ جمہوری اصولوں اور بنیادی حقوق کے تحفظ اور ترقی یافتہ مستقبل کی تعمیر کے لیے عوام ، ادارے اور حکومت مل کر کام کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں :قومی سپنر ابرار احمد ایشیا کپ کے بعد دلہن گھر لائیں گے