بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں ہونے دی جا رہی:سینیٹر فیصل جاوید

May 15, 2025 | 18:45:PM
بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں ہونے دی جا رہی:سینیٹر فیصل جاوید
کیپشن: تصویر ، فائل
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (ارشاد قریشی)سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ ایک سال سے کوشش کررہا ہوں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہو، باوجود عدالتی احکامات کے ملاقات نہیں ہونے دی جارہی۔

راولپنڈی میں اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ آج میرا نام فہرست میں شامل تھا آج بھی روکا گیا، عدالتی احکامات اور توہین عدالت پر بھی کچھ نہیں ہوتا، بانی کی بہنیں بھی آتی ہیں گرمی میں بیٹھی رہتی ہیں۔

فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ ملاقاتوں میں رکاوٹ نہیں ڈالی جانی چاہئے، فردوس شمیم نقوی بزرگ آدمی ہیں انکو بھی روکا گیا ملاقات نہیں دی گئی، مجھے نہیں سمجھ آرہی ملاقات ہونے سے کیا ہوگا، بھارت کو زبردست طریقے سے جواب دیا گیا۔

انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ٹائیگرز نے سوشل میڈیا پر پاکستان کا موقف دنیا تک پہنچایا، افسوس ہوتا ہے ہمیں ملاقات سے روکا جا رہا ہے، بانی پی ٹی آئی ناحق قید میں ہے سارے کیسز سیاسی ہیں، القادر کیس بوگس کیس ہے اس میں بھی بانی سرخرو ہوں گے۔

سینیٹر نے کہا کہ یہ نادر موقع ہے قومی یکجہتی کا پیغام جائے، ہم نے پاکستان کو آگے لیکر جانا ہے، بانی پی ٹی آئی کو فوری طور پر رہا کردینا چاہئے، بھارت سے جنگ پر حکومت کو کوئی کریڈٹ نہیں جاتا انہوں نے کوئی بات نہیں کی، پاکستانی افواج کے جوانوں کو کریڈٹ جاتا ہے۔

فیصل جاوید نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے 2019 میں بھی بھارت کے خلاف قوم کو لیڈ کیا، اسرائیل سے متعلق قائد اعظم کی پالیسی پاکستان کی پالیسی ہے، جب تک فلسطینیوں کو انکا حق نہیں دیا جاتا اسرائیل کو تسلیم نہیں کیا جا سکتا۔

یہ بھی پڑھیں :یوٹیوب میں بڑی تبدیلی پر کام شروع، اسکیپ کرنا ناممکن ہوگا