مردان کے قریب پاک فضائیہ کے تربیتی طیارے کوحادثہ، 2 پائلٹ شہید
Stay tuned with 24 News HD Android App
( احمد منصور،اویس کیانی)مردان کے قریب معمول کی تربیتی پرواز کے دوران پاکستان ایئر فورس کا تربیتی طیارہ حادثے کا شکار ہوگیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق حادثے کے نتیجے میں فلائٹ لیفٹیننٹ محمد قاسم عبداللہ اور لیفٹیننٹ طحہٰ عباسی شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہید فلائٹ لیفٹیننٹ محمد قاسم عبداللہ کا تعلق پاکستان ائیر فورس سے تھا جبکہ لیفٹیننٹ طحہٰ عباسی پاکستان نیوی سے وابستہ تھے۔
حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے ایئر ہیڈکوارٹرز کی جانب سے بورڈ آف انکوائری تشکیل دے دیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، سروسز چیفس اور پاک افواج کے تمام رینکس نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، انہوں نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی بھی کی۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان کا امریکا اور ایران کے درمیان معاہدہ طے ہونے کا خیر مقدم
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مردان کے قریب پاک فضائیہ کے تربیتی طیارے کے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم نے حادثے میں فلائٹ لیفٹیننٹ محمد قاسم عبداللہ اور لیفٹیننٹ طحہٰ عباسی کی شہادت پر تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے۔
وزیراعظم نے دونوں شہداء کے بلند درجات کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور اس صدمے کی گھڑی میں مکمل ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ وہ اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہیں کہ لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ اور صبرِ جمیل عطا فرمائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج وطن کے دفاع کے لیے پیشہ ورانہ مہارت اور قربانی کی اعلیٰ مثال ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہید ہونے والے دونوں افسران کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ کیپٹن قاسم اور کیپٹن طلحہ نے “شہادت کا عظیم رتبہ” پایا، محسن نقوی نے متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ ہمدردی کیا اور زخمی ہونے والے 3 افراد کی جلد صحتیابی کے لیے دعا بھی کی۔