پاکستان کا امریکا اور ایران کے درمیان معاہدہ طے ہونے کا خیر مقدم
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)پاکستان کا امریکا اور ایران کے درمیان معاہدہ طے ہونے کا خیر مقدم،نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان طے پانے والی مفاہمت کا گرمجوشی سے خیرمقدم کرتا ہے۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ یہ اہم پیش رفت مسلسل سفارتی کوششوں اور دوست ممالک کے اس اجتماعی عزم کی عکاسی کرتی ہے کہ تصادم کے بجائے مذاکرات اور بات چیت کا راستہ اختیار کیا جائے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ پیش رفت عالمی برادری کے لیے بھی ایک حوصلہ افزا پیغام ہے، جو عالمی منڈیوں اور معیشت میں اعتماد اور استحکام کو فروغ دے گی، خصوصاً ان ترقی پذیر ممالک کے لیے جو علاقائی کشیدگی سے سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اس پورے عمل کے دوران تمام متعلقہ فریقوں کے ساتھ فعال رابطہ برقرار رکھا اور مسلسل تحمل، بردباری اور تعمیری سفارتی مکالمے پر زور دیا، پاکستان کا مؤقف رہا ہے کہ تمام مسائل کا واحد قابلِ عمل حل مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان نے امریکا اور ایران کی قیادت کی جانب سے اپنے ملک پر کیے گئے اعتماد کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے اس عزم کی تعریف کی کہ وہ پرامن اور باہمی اتفاقِ رائے پر مبنی حل کے لیے مذاکرات جاری رکھیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: آئندہ مالی سال میں مزید معاشی بہتری کی توقعات ہیں:وزیر خزانہ محمد اورنگزیب
بیان میں سعودی عرب، قطر، ترکیہ، مصر اور دیگر برادر ممالک کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ اور بین الاقوامی شراکت داروں کی مخلصانہ سفارتی کوششوں پر بھی اظہارِ تشکر کیا گیا، جنہوں نے اس اہم پیش رفت کو ممکن بنانے میں مؤثر کردار ادا کیا۔