چینی کی ریٹیل قیمت پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں گے، رانا تنویر حسین
Stay tuned with 24 News HD Android App
(وقاص عظیم)وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کا کہنا ہے کہ حکومت چینی کی ریٹیل قیمت پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائے گی، چینی کی قیمت کنٹرول کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کی زیر صدارت چینی کی قیمتوں سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین اور سینئر ممبران نے شرکت کی،اجلاس میں چینی کی ایکس مل قیمت کے مؤثر نفاذ اور فوری فراہمی پر تفصیلی غور کیا گیا۔ پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن نے چینی کی ایکس مل قیمت 165 روپے فی کلو مقرر کرنے پر فوری عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی۔ چیئرمین ایسوسی ایشن نے کہا کہ چینی کی قیمتوں میں کمی کے اثرات 2 سے 3 دن میں نمایاں ہوں گے ۔
اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت چینی کی ریٹیل قیمت پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائے گی ،چینی کی قیمت کنٹرول کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔چینی کی ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کی روک تھام کے لیے مؤثر حکمت عملی تیار کی گئی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ شوگر ملز ایسوسی ایشن نے حکومتی اقدامات کو سراہا اور مکمل تعاون کا وعدہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:وزیراعلیٰ کے خلاف غلط زبان استعمال کرنیوالے جذباتی بابے کو رہا کر دیا گیا