قبضہ مافیا کے خلاف بھرپور ایکشن لیا جائے، وزیراعظم

Jan 15, 2021 | 17:58:PM
قبضہ مافیا کے خلاف بھرپور ایکشن لیا جائے، وزیراعظم
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)وزیراعظم عمران خان کاکہناہے کہ قبضہ مافیا کے خلاف بھرپور ایکشن لیا جائے، جب آپ بڑے جرائم پیشہ افراد کو قانون کی گرفت میں لائیں گے تو چھوٹے جرائم پیشہ عناصر کےلئے یہ سبق ہو گا۔
 تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت پنجاب پولیس میں اصلاحات اور کارکردگی کے حوالے سے اجلاس ہوا،آئی جی پنجاب انعام غنی نے وزیراعظم کو پنجاب پولیس کی کارکردگی میں بہتری لانے کیلئے کی جانے والی اصلاحات اور اقدامات پر بریفنگ دی۔ 
دوران بریفنگ بتایا گیا کہ آئی جی پنجاب نے پولیس سٹیشن کی مالی خود مختاری اور مصالحتی کونسل کے میکنزم کے حوالے سے مجوزہ تجاویز وزیر اعلیٰ کو پیش کر دی گئی ہیں۔ 
وزیراعظم نے آئی جی پنجاب کو ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں، عوام کے مسائل کے حل میں صرف میرٹ پر عملداری کی جائے، انصاف کی فراہمی کی راہ میں حائل اہلکاروں کو کڑی سے کڑی سزا دی جائے۔
 وزیراعظم نے کہاکہ ماضی میں پولیس میں سیاسی بھرتیاں کی گئیں جس کا نقصان لوگوں کو اٹھانا پڑا،کوئی قانون سے بالاتر نہیں، پولیس کسی سیاسی اثر و رسوخ کو خاطر میں نہ لائے، وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ لوگ آپ سے تب مطمئن ہوں گے جب آپ سب سے یکساں اور قانون کے مطابق سلوک کریں گے، پولیس افسران جرائم کے خاتمے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کریں اور تھانوں میں وزٹ کریں۔ 
وزیراعظم پاکستان نے کہاکہ پنجاب پولیس کا امیج بہتر کرنے کی ضرورت ہے اور اس کیلئے آپ کو بہت محنت کرنا پڑے گی، اہم پوزیشنز پر ایماندار افسران تعینات کرنے کا اثر گراس روٹ تک جاتا ہے، پنجاب میں تمام تعیناتیاں صرف میرٹ اور کارکردگی کی بنیاد پر کی جائیں تا کہ لوگوں کی انصاف تک حقیقی رسائی ممکن ہو سکے۔
وزیراعظم نے چیف سیکرٹری پنجاب اور آئی جی پنجاب کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا، اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہزاد اکبر بھی موجود تھے۔