خیر پور: قومی شاہراہ پر مسافر بس اور ٹریلر میں خوفناک تصادم،11افراد جاں بحق،10زخمی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)سندھ کے ضلع خیرپور کے علاقے ٹنڈو مستی کے قریب قومی شاہراہ پر مسافربس اور ٹریلر میں ٹکر کے نتیجے میں 11 مسافر جاں بحق جبکہ 10 زخمی ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق تیز رفتار بس اوور ٹیکنگ کے دوران ٹرک سے جا ٹکرائی، حادثے میں مسافر بس کا ڈرائیور اور کنڈیکٹر بھی جان گنوا بیٹھے۔ تمام لاشوں اور زخمیوں کو خیرپور سول اسپتال منتقل کردیا گیا، بدقسمت مسافر بس پنجاب سے کراچی آرہی تھی۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق حادثہ مبینہ طور پر بس ڈرائیور کی غفلت اور لاپرواہی کے باعث پیش آیا۔
اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس موقع پر پہنچ گئی اور فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کردیا گیا۔
زخمیوں اور جاں بحق افراد کو ریسکیو اداروں کی مدد سے قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا جارہا ہے جبکہ سینئر افسران بھی جائے حادثہ پر موجود ہیں اور امدادی کارروائیوں کی نگرانی کررہے ہیں،ریسکیو 1122 اور مقامی پولیس بھی فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی۔
دوسری جانب آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے ایس ایس پی خیرپور کو فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچنے اور امدادی سرگرمیوں کی خود نگرانی کرنے کی ہدایت کی ہے۔
آئی جی سندھ نے زخمیوں کی اسپتال منتقلی کے دوران راستوں کو کلیئر رکھنے اور اطراف کے علاقوں میں امدادی سرگرمیاں یقینی بنانے کا بھی حکم دیا ہے۔
موٹروے پولیس کی جانب سے ٹریفک کی بحالی اور روڈ کلیئرنس کا عمل جاری ہے جبکہ حادثے کی مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔