علیحدگی پسند بھارت سے خوش اورپاکستان کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں: وزیراعلیٰ بلوچستان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے حالات کی خرابی کے پیچھے بھارتی ایجنسی ’را‘ کا واضح کردار ہے، علیحدگی پسند بھارت سے خوش ہیں اور پاکستان کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔
کوئٹہ میں 17 ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سرفراز بگٹی نے کہا کہ واضح دشمن کے خلاف کارروائی آسان، اندرونی صفوں میں موجود دشمن سے نمٹنا مشکل ہے۔
دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے سی ٹی ڈی کی استعداد میں اضافہ کیا جارہا ہے، سی ٹی ڈی کے لیے 10 کروڑ روپے مختص کردیے گئے ہیں۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں شورش نہیں بلکہ علیحدگی کی نام نہاد تحریکیں ہیں، ملک دشمن عناصر کا مقصد پاکستان کو نقصان پہنچانا اور تقسیم کرنا ہے، بلوچستان میں غیر متوازن ترقی کا غلط تاثر جان بوجھ کر پیدا کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ناراض بلوچ کی اصطلاح دہشت گردی کو جواز فراہم کرنے کے لیے متعارف کرائی گئی، جو شخص بندوق کے زور پر تشدد کرے وہ ناراض نہیں بلکہ دہشت گرد ہے، بلوچستان میں پہلا فراری کیمپ 21 جون 2002 کو قائم کیا گیا، جس سے دہشت گردی کو فروغ ملا۔
یہ بھی پڑھیں:’’یہ تو ہونا ہی تھا‘‘اب صرف آن لائن پیمنٹ ہو گی
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ سوشل میڈیا کے پروپیگنڈا کے ذریعے نوجوانوں اور ریاست کے درمیان فاصلے بڑھائے گئے، سکیورٹی فورسز ایسے علاقوں میں کارروائیاں کررہی ہیں جہاں دشمن اور دوست کی پہچان مشکل ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری قوم کی مشترکہ جنگ ہے، سیاست سے زیادہ اہم ریاست ہے۔