میچ آئی سی سی نہیں، بھارتی کرکٹ بورڈ کا ہوم ایونٹ لگا،ڈائریکٹر مکی آرتھر

Oct 14, 2023 | 20:57:PM
میچ آئی سی سی نہیں، بھارتی کرکٹ بورڈ کا ہوم ایونٹ لگا،ڈائریکٹر مکی آرتھر
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)پاکستان کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر مکی آرتھر نے بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد کہا ہے کہ آج کا میچ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ایونٹ نہیں بلکہ بورڈ آف کنٹرول فور کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کا ہوم ایونٹ لگا۔

تفصیلات کے مطابق میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے مکی آرتھر کا کہنا تھاکہ آج ہم نے اچھا نہیں کھیلا،  155 سے 191 پر آؤٹ ہوجانا مناسب نہیں، یہ ایک بڑا میچ تھا، ہم اس وکٹ پر اچھا کرسکتے تھے،انہوں نے کہا کہ بھارت نے اچھی بولنگ کی، ہم جوابی پریشر ڈال سکتے تھے لیکن آج ہم "پاکستان وے" کے مطابق نہیں کھیل سکے، 2017 کی چیمپئنز ٹرافی میں ہم نے بھارت کو ہرایا تھا۔

 ان کا کہنا تھاکہ پلیئرز ہر میچ میں اچھا کھیلنے کی کوشش کررہے ہیں، آج آف کلر تھے، ہم ہر میچ جیتنے کیلئے میدان میں اترتے ہیں، ماضی کے ریکارڈز صرف میڈیا پر چلتے ہیں، یہ لمبا ورلڈ کپ ہے، ہم تین میں سے دو میچ جیتے ہیں، کوئی پینک نہیں کریں گے، تحمل کے ساتھ اگلے میچ پر فوکس کریں گے۔

مکی آرتھر کا کہنا تھاکہ بھارت نے بتایاان وکٹوں پر کیسے بولنگ کرنا ہے، ہم نے ایک موقع پر اچھا کھیلا مگر اس کو لمبا نہ لے جاسکے، ہم 350 کا سوچ کر میدان میں آئے تھے، بیٹرز سے زیادہ دلیری کی امید ہے، ہم اس میچ کا تجزیہ کریں گے کہ کیا غلطی ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ آج کا میچ آئی سی سی ایونٹ نہیں بلکہ بی سی سی آئی کا ہوم ایونٹ لگا، پاکستان کیلئے نعرے کم ہی لگائے گئے،بھارت کی اچھی ٹیم ہے اور ہم اس ٹیم کے ساتھ فائنل کھیلنے کیلئے پر امید ہیں، شاداب اور نواز کو اعتماد دینے کی کوشش کررہے ہیں۔

خیال رہے کہ آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے سب سے بڑے ٹاکرے میں بھارت نے پاکستان کو بآسانی 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔