سُتھرا پنجاب پروگرام میں مبینہ بدعنوانی پر وزیراعلیٰ مریم نواز کااز خود نوٹس
Stay tuned with 24 News HD Android App
(راو دلشاد)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ادارہ جاتی احتساب کی نئی مثال قائم کرتے ہوئے سُتھرا پنجاب پروگرام میں مبینہ بدعنوانی کا ازخود نوٹس لے لیا۔
صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کے مطابق وزیراعلیٰ کی لائیو ڈیش بورڈ مانیٹرنگ کے باعث فیصل آباد میں سُتھرا پنجاب پروگرام میں ہونے والی سنگین بے ضابطگیاں سامنے آئیں۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار کسی وزیراعلیٰ نے خود ایک ادارے کا احتساب کرتے ہوئے معاملہ پبلکلی اینٹی کرپشن کے حوالے کیا۔
عظمیٰ بخاری کے مطابق فیصل آباد میں پروگرام کے امور میں گڑبڑ محسوس ہونے پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے فوری طور پر آڈیٹرز کی خصوصی ٹیم روانہ کی، جس نے تحقیقات کے دوران ٹھیکیداروں اور بعض سرکاری افسران کے درمیان مبینہ منظم گٹھ جوڑ بے نقاب کیا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ فیصل آباد میں عوامی فنڈز کو ذاتی مفادات کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا اور یہ گٹھ جوڑ سُتھرا پنجاب منصوبے کو براہِ راست نقصان پہنچا رہا تھا۔
صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ یہ تحقیقات کسی شکایت یا بیرونی دباؤ کا نتیجہ نہیں بلکہ وزیراعلیٰ کی سخت مانیٹرنگ کا ثمر ہیں، ان کے بقول ’’مریم نواز شریف کی نظر ہر گلی اور ہر منصوبے پر ہے‘‘۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے کرپشن کے خاتمے کے لیے اپنی ٹیموں اور اینٹی کرپشن اداروں کو مکمل اختیار دے رکھا ہے اور عوامی پیسے میں خردبرد کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں :نئی پالیسی ! سولر سسٹم لگوانے والوں پر کڑی شرط عائد، صارفین پریشان