آپریشن شعبان جاری، مارے جانیوالے دہشتگردوں کی تعداد 85ہو گئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(احمد منصور)پاک فوج ، ایف سی بلوچستان اور پولیس کا مشترکہ ’’آپریشن شعبان‘‘ جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز کی فتنہ الخوارج کے خلاف علاقے میں موثر کارروائیاں جاری ہیں، خارجیوں کو ہوائی اور زمینی کارروائیوں کے ذریعے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز کی موثر کارروائیوں کے نتیجے میں خارجی دہشت گردوں کو بھاری نقصان کا سامنا ہے، موثر کارروائیوں کے دوران مزید 6 دہشتگردوں کے جہنم واصل ہونے کی مصدقہ اطلاعات ہیں۔
ذرائع کے مطابق آپریشن شعبان میں جہنم واصل ہونے والے دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 85 ہوگئی ہے۔
سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ 5 جولائی سے اب تک آپریشن شعبان اور دیگر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مجموعی طور پر 123 خارجی دہشت گرد جہنم واصل ہو چکے ہیں،آخری دہشتگرد کے خاتمے تک بلوچستان میں آپریشن جاری رہے گا۔
یہ بھی پڑھیں:اصلی ہےیا جعلی۔۔؟اے آئی تصاویر پہچاننے کا آسان طریقہ جانیے
وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان میں جاری آپریشن "شعبان" کے دوران سکیورٹی فورسز کی مزید کامیابیوں پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائیوں کو پوری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ، پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس کے مشترکہ آپریشنز میں حاصل ہونے والی غیر معمولی کامیابیاں قابلِ تحسین ہیں۔
وزیرِ داخلہ کے مطابق سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا، جبکہ بروقت کارروائیوں کے دوران مزید چار دہشت گرد ہلاک کیے گئے، انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک فورسز کے مشترکہ آپریشنز جاری رہیں گے۔
محسن نقوی نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے ناسور کے خلاف برسرِپیکار اپنے بہادر جوانوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔