سابق صدر ممنون حسین انتقال کر گئے ، صدر عارف علوی، شہبازشریف اور دیگر کااظہار افسوس

Jul 14, 2021 | 22:13:PM
سابق صدر ممنون حسین انتقال کر گئے ، صدر عارف علوی، شہبازشریف اور دیگر کااظہار افسوس
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)سابق صدر ممنون حسین علالت کے باعث انتقال کرگئے۔
بیٹے ارسلان نے کہاہے کہ ممنون حسین دو ہفتوں سے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے،ان کاکہناتھا کہ والد کینسر کے عارضے میں مبتلاتھے۔
ممنون حسین کی عمر 81 برس تھی ،وہ 2013 سے 2018 تک پاکستان کے منتخب صدر رہے ،ممنون حسین کا شمار مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماؤں میں ہوتا تھا۔
مسلم لیگ(ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے سابق صدر ممنون حسین کی وفات پر رنج و غم اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ آج پاکستان سے محبت کرنے والے ایک صاحب کردار اور درد دل رکھنے والے قیمتی شخص سے ہم محروم ہوگئے ہیں ،وہ نواز شریف کے ایک بااعتماد، وفاشعار اور نظریاتی ساتھی تھے وہ ہر نشیب و فراز میں پارٹی اور اس کی قیادت کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے رہے اور مصلحت کا کبھی شکار نہ ہوئے ۔
شہبازشریف کاکہناتھا کہ ان کی وفات پارٹی ہی نہیں بلکہ ایک ذاتی قیمتی نقصان بھی ہے ،سابق صدر ممنون حسین ہماری مشرقی اقدار وروایات، شرافت اور علمی تہذیب کا چلتا پھرتا نمونہ تھے ،وہ صاحب زبان اور ادب شناس ہونے کے علاوہ علم سے محبت رکھنے والی کمال شخصیت تھے، ملک و قوم کے لئے ان کی خدمات تادیر پاد رکھی جائیں گی۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے ۔آمین
مریم نواز نے اپنے ٹوئٹ میں کہاہے کہ سابق صدر ممنون حسین صاحب کی وفات پر دِلی افسوس ہوا ہے۔ وہ ایک مخلص شخص تھے جنہوں نے پوری ایمانداری کے ساتھ پاکستان کی خدمت کی۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جواررحمت میں جگہ عطا فرمائے۔ آمین

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سابق صدر ممنون حسین کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہاکہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے، صدر عارف علوی کا کہناتھا کہ دکھ کی اس گھڑی میں اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر نے ممنون حسین کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ مرحوم محمد نوازشریف کے دیرینہ ساتھی تھے، بطور صدر پاکستان اپنی ذمہ داریاں بطریق احسن نبھائیں ،ان کی وفات پر ان کے بیٹوں اور اہلخانہ سے دلی تعزیت اور مرحوم کی مغفرت کیلئے دعا گو ہوں۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ممنون حسین کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اللہ مرحوم کے درجات بلند کرے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے،اللہ تعالی مرحوم کی مغفرت فرمائے اور ان کو اپنی جوار رحمت میں جگہ دے،صادق سنجرانی کاکہناتھا کہ دکھ کی اس گھڑی میں اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا آفریدی نے کہاہے کہ مرحوم کی سیاسی و ملک کیلئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔
سندھ کے وزرا اور سیاستدانوں کی جانب سے سابق صدر ممنون حسین کے انتقال پرشدیدافسوس کا اظہارکیا گیا ہے،سابق وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ،منظور وسان اور اسماعیل راہو،اویس قادر شاہ نے ممنون حسین کے انتقال پر افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہیں،ممنون حسین کی سیاسی و سماجی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: محکمہ داخلہ سندھ نے کورونا پابندیوں کا نیا نوٹیفکیشن جاری کردیا