ڈیرہ اسماعیل خان: سی ٹی ڈی کی کامیاب انٹلیجنس بیسڈ کارروائی، 3 دہشتگرد ہلاک

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی ڈی آئی خان میں 3 بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سی ٹی ڈی کی ستائش

Jan 14, 2026 | 12:12:PM
ڈیرہ اسماعیل خان: سی ٹی ڈی کی کامیاب انٹلیجنس بیسڈ کارروائی، 3 دہشتگرد ہلاک
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( اویس کیانی)سی ٹی ڈی ڈیرہ اسماعیل خان ریجن نے کامیاب انٹلیجنس بیسڈ کارروائی میں 3 مطلوب دہشتگرد ہلاک کردیے۔

کارروائی میں ہلاک دہشتگردوں کی شناخت نعمت اللہ، عبد الروف افغانی اور مصطفی کے ناموں سے ہوئی، ہلاک دہشتگرد براہ راست پولیس اور سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے۔

ہلاک دہشتگردوں سے 3 کلاشنکوفیں، 9 میگزینیں، 2 ہینڈ گرینیڈز اور متعدد کارتوس برآمد ہوئے ہیں۔

آئی جی خیبر پختونخوا پولیس اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے کامیاب کارروائی پر سی ٹی ڈی ٹیمز کو  خراجِ تحسین پیش کیا۔ 

آئی جی خیبر پختونخوا پولیس  نے کہا کہ پولیس پر حملوں کا جواب آخری خارجی کے خاتمے سے دیا جائیگا، انٹلیجنس بیسڈ آپریشنز کا سلسلہ مزید تیز کر کے خارجیوں کا خاتمہ یقینی بنائیں گے۔

 انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا کی خصوصی ہدایات پر پولیس پر حملوں کے ردعمل میں فتنہ الخوارج کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشنز کا سلسلہ مزید تیز کردیا گیا ہے جسکے تسلسل میں آج  صبح ڈیرہ اسماعیل خان ریجن سی ٹی ڈی نے مصدقہ خفیہ اطلاع پر کامیاب کارروائی کی۔

یہ بھی پڑھیں:امتحانات کی تاریخ کا اعلان ،طلبا کیلئے اہم خبر آگئی

سی ٹی ڈی ٹیمز نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر دہشتگردوں کو گھیرے میں لے لیا جنہوں نے گرفتاری  سے بچنے کیلئے فائرنگ کی، سی ٹی ڈی ٹیمز نے بھی حق خود حفاظت کے لیے جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں خارجی دہشتگرد ہلاک ہوئے۔

سرچ آپریشن کے دوران 3 دہشتگردوں کی لاشیں برآمد ہوئیں جنکی شناخت نعمت اللہ، عبد الروف افغانی اور مصطفی کے ناموں سے ہوئی۔

تینوں ہلاک  دہشتگرد پولیس اور سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں براہ راست ملوث تھے۔ علاقے میں مزید دہشتگردوں اور سہولتکاروں کی موجودگی کے پیش نظرسرچ آپریشنز سمیت تفتیش کا دائرہ کار بھی بڑھا دیا گیا ہے۔

انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید اور ایڈیشنل آئی سی ٹی ڈی نے کامیاب کارروائی پر سی ٹی ڈی اسپیشل ویپنز اینڈ ٹیکٹکس ٹیمز کے جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ فتنہ الخوارج کو نشان عبرت بنانے کے لیے ٹارگٹڈ آپریشنز کا سلسلہ مزید تیز کیا جائے گا۔

مزید  پڑھیں:پاکستان میں خوشحالی کا راستہ صرف طاقت اور اثر و رسوخ تک رسائی بن چکا ہے: مصدق ملک

انہوں نے مزید کہا کہ پولیس اور سیکیورٹی فورسز پر حملوں کا ردعمل انتہائی سخت ہوگا اور آخری خارجی کے جہنم واصل کئے جانے   تک تگ و دو جاری رہے گی۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ڈی آئی خان میں 3 بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سی ٹی ڈی کی ستائش کی اور سی ٹی ڈی کے جوانوں کی بہادری اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا۔

ان کا کہنا تھا کہ سی ٹی ڈی نے 3 دہشت گردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچا کر مذموم عزائم کو ناکام بنایا، خیبرپختونخوا میں قیام امن کیلئے سی ٹی ڈی سمیت تمام فورسز کی کامیابیاں قابل تحسین ہیں، فتنہ الہندوستان کے ناسور کے مکمل خاتمے کیلئے پوری قوم بہادر فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔