مقدمات کے اندراج کیلئے بائیو میٹرک اور فیس لازمی قرار دینے کیخلاف وفاقی آئینی عدالت میں درخواست دائر 

Apr 14, 2026 | 19:27:PM
مقدمات کے اندراج کیلئے بائیو میٹرک اور فیس لازمی قرار دینے کیخلاف وفاقی آئینی عدالت میں درخواست دائر 
کیپشن: کمرہ عدالت، فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(امانت گشکوری) مقدمات کے اندراج کیلئے بائیو میٹرک اور فیس لازمی قرار دینے کے معاملے پرلاہور ہائیکورٹ کے نوٹیفکیشن کیخلاف وفاقی آئینی عدالت میں درخواست دائر کردی گئی۔سابق صدر ملتان ہائیکورٹ بار سید ریاض الحسن گیلانی نے درخواست دائر کی۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کا 7 جنوری 2026 کا نوٹیفکیشن غیر آئینی قرار دیا جائے،درخواست پر حتمی فیصلے تک نوٹیفکیشن معطل کیا جائے۔

درخواست میں موقف اختیار کیاگیا ہے کہ عدالتوں میں بائیو میٹرک اور فیس لاگو کرنا بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے،200 روپے بائیو میٹرک فیس انصاف کے تقاضوں کیخلاف ہے،جیل میں قید شخص کیلئے بھی بائیو میٹرک لازمی قرار دی گئی ہے،بائیو میٹرک فیس انصاف پر ٹیکس لگانے کے مترادف ہے۔

درخواست میں مزید کہا گیاہے کہ عدلیہ کے پاس ٹیکس لگانے کا اختیار نہیں ہے،ٹیکس لگانے کا اختیار صرف پارلیمنٹ کے پاس ہے،بائیو میٹرک فیس بار ایسوسی ایشنز اور عدلیہ کے ملازمین کیلئے مختص کی گئی ہے۔درخواست میں لاہور ہائیکورٹ اور قومی عدالتی پالیسی ساز کمیٹی کو فریق بنایا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:متعدد اہم شخصیات پی ٹی آئی میں شامل