اداکار عثمان خالد بٹ کے والد ڈاکٹر خالد سعید بٹ کا انتقال

Apr 14, 2023 | 11:44:AM
پاکستانی فلم، ٹیلی ویژن اور تھیٹر کے معروف اداکار، مصنف اور کوریوگرافر عثمان خالد بٹ کے والد ڈاکٹر خالد سعید بٹ انتقال کر گئے۔
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) پاکستانی فلم، ٹیلی ویژن اور تھیٹر کے معروف اداکار، مصنف اور کوریوگرافر عثمان خالد بٹ کے والد ڈاکٹر خالد سعید بٹ انتقال کر گئے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے اداکار نے بتایا ہے کہ گزشتہ رات گئے ان کے والد اس جہانِ فانی سے کوچ کر گئے، ان کے نمازِ جنازہ آج بعد نمازِ جمعہ لاہور میں ادا کی جائے گی۔

عثمان خالد بٹ نے سلسلہ وار ٹوئٹ کرتے ہوئے اپنے مرحوم والد کی شعبۂ فن و ثقافت کے لیے خدمات سے سوشل میڈیا صارفین کو آگاہ کیا۔

انہوں نے لکھا کہ ان کے والد ڈاکٹر خالد سعید بٹ نے پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (پی این سی اے) کے بانی ڈائریکٹر جنرل، سابق ڈائریکٹر جنرل لوک ورثہ، سابق ایم ڈی این اے ایف ڈی ای سی، سابق ڈی جی نیشنل ہجرہ کونسل کی حیثیت سے شعبۂ فن و ثقافت کے خدمات انجام دی ہیں۔

عثمان خالد بٹ نے بتایا ہے کہ ان کے مرحوم والد اسٹیج اور اسکرین کے ایک معزز اداکار، ہدایت کار اور مصنف بھی تھے، انہوں نے پی ٹی وی کے کئی لیجنڈری فنکاروں کو لانچ کیا۔

انہوں نے اپنے والد مرحوم کی مغفرت کی دعا کی درخواست کرتے ہوئے مزید بتایا ہے کہ ان کی بے پناہ خدمات کے نتیجے میں حکومتِ پاکستان کی جانب سے پرائیڈ آف پرفارمنس سے جبکہ حکومتِ فرانس کی طرف سے آفیسر دی لورڈری ڈیس آرٹس ایٹ ڈیس لیٹریس سمیت کئی اعزازات سے نوازا جا چکا ہے۔

اداکار نے فالوورزکے ساتھ اپنے جذبات و احساسات شیئرکرتے ہوئے لکھا کہ، ’یہ ایک عظیم نقصان ہے لیکن اللہ سبحان و تعالیٰ نے صبر و تحمل کا حکم دیا ہے۔ برائے مہربانی میرے والد کی مغفرت کے لیے دعا کریں۔‘