ہیکرز کا حملہ، آسٹریلوی ایئر لائن کے57 لاکھ کسٹمرز کا ڈیٹا چوری
متاثرہ ڈیٹا میں کسٹمرز کے نام، ای میل پتے، فون نمبرز شامل ہیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) آسٹریلیا کی سب سے بڑی ایئرلائن کینٹس (Qantas) نے تصدیق کی ہے کہ رواں سال ہونے والے بڑے سائبر حملے میں چوری ہونے والا کسٹمر ڈیٹا اب آن لائن شیئر کر دیا گیا ہے۔ اس حملے میں تقریباً 57 لاکھ صارفین کی ذاتی معلومات ہیکرز کے ہاتھ لگ گئی تھیں۔
رپورٹس کے مطابق یہ حملہ Salesforce نامی سافٹ ویئر کمپنی کے ذریعے کیا گیا، جس کے تحت بڑی کمپنیوں کا ڈیٹا بھی چوری ہوا تھا،ہیکرز ان معلومات کو تاوان کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔
کینٹس کے مطابق متاثرہ ڈیٹا میں کسٹمرز کے نام، ای میل پتے، فون نمبر، تاریخِ پیدائش اور سفر کی تفصیلات شامل ہیں، تاہم کریڈٹ کارڈ، مالی یا پاسپورٹ کی معلومات محفوظ رہی ہیں۔
ایئرلائن نے کہا کہ وہ آسٹریلوی سکیورٹی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کر رہی ہے اور نیو ساؤتھ ویلز سپریم کورٹ سے قانونی حکم حاصل کر لیا گیا ہے تاکہ چوری شدہ ڈیٹا کو مزید پھیلنے سے روکا جا سکے۔
مزید پڑھیں:سچن ٹنڈولکر نے اپنا سپورٹس ویئر برینڈ متعارف کرادیا
ماہرین نے اس قانونی اقدام کو ناکافی قرار دیا ہے، سائبر سیکیورٹی ایکسپرٹ ٹروی ہنٹ نے کہا کہ یہ محض ایک رسمی کارروائی ہے، ایسے مجرم دنیا کے کسی بھی حصے سے سرگرم رہ سکتے ہیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ سائبر حملہ ممکنہ طور پر Scattered Lapsus$ Hunters نامی ہیکرز گروپ نے کیا، جو بڑے اداروں سے تاوان وصول کرنے کے لیے مشہور ہے۔
آسٹریلیا میں اس واقعے کے بعد ڈیٹا سکیورٹی اور پرائیویسی قوانین پر ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے۔