پاکستان سعودی عرب کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا رہے گا، وزیراعظم شہباز شریف کی کراؤن پرنس محمد بن سلمان سے گفتگو
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اویس کیانی) وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے وفد کے ساتھ جدہ میں سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی ہے۔ مملکت سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی اور بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔
آج جدہ میں مملکتِ سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم، عزت مآب شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات میں چیف آف آرمی سٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور پاکستان کے لیے مملکت سعودی عرب کی طویل المدتی حمایت پر گہری ستائش کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے موجودہ حالات میں مملکت سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی اور بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان خطے میں حالیہ پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے مشترکہ طور پر کام جاری رکھا جائے گا۔
وزیراعظم نے عزت مآب ولی عہد کو یقین دلایا کہ پاکستان ہمیشہ مملکت سعودی عرب کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا رہے گا اور خطے میں امن کے مشترکہ مقصد کے حصول کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھے گا۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی ملاقات میں موجود تھے۔