پی ایس ایل میں ناقص کارگردگی، شاہین آفریدی کی کپتانی خطرے میں پڑ گئی

Mar 13, 2024 | 23:29:PM
پی ایس ایل میں ناقص کارگردگی، شاہین آفریدی کی کپتانی خطرے میں پڑ گئی
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) پی ایس ایل میں ناقص کارگردگی کے باعث شاہین آفریدی کی ورلڈ کپ میں کپتانی خطرے میں پڑ گئی۔

پاکستان کے سٹار فاسٹ بولر شاہین آفریدی اس سال جون میں شروع ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل قومی ٹیم کی کپتانی سے محروم ہو سکتے ہیں، رپورٹ کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی کو پی ایس ایل 9 میں لاہور قلندرز کی ناقص کارکردگی کے بعد شاہین کو ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی کپتانی سے ہٹانے کا مشورہ دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: دورانِ میچ افغان کھلاڑیوں کی میدان میں روزہ افطار کرنے کی ویڈیو وائرل

رپورٹ میں کہا گیا کہ کچھ لوگوں کا خیال ہے 23 سالہ شاہین اس ذمہ داری کے لیے بہت کم عمر ہے اور اسے مزید تجربے کی ضرورت ہے جب کہ بورڈ کے کچھ ارکان کا خیال ہے کہ ورلڈکپ کے قریب قیادت کو تبدیل کرنے کا فیصلہ دانشمندانہ نہیں ہوگا کیونکہ اس سے ٹیم کی کارکردگی پر منفی اثر پڑ سکتا ہے، البتہ حتمی فیصلہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ ہی کریں گے۔

اگر شاہین کو ہٹایا جاتا ہے تو اس بات کا قوی امکان ہے کہ وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کو ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا کپتان مقرر کیا جائے گا تاہم سابق کپتان بابر اعظم کو بھی کپتانی واپس مل سکتی ہے، پی ایس ایل میں بابر اعظم کی پشاور زلمی اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہے جبکہ محمد رضوان کی ملتان سلطانز سرِ فہرست ہے۔

واضح رہے کہ لاہور قلندرز پاکستان سپر لیگ 9 کے 10 میچز میں سے صرف ایک ہی میچ جیت سکی، فاسٹ بولر شاہین آفریدی گزشتہ سال نومبر میں کپتان بنے تھے، گرین شرٹس کو اب تک شاہین کی قیادت میں 5 میں سے 4 میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ شاہین کی کپتانی میں قلندرز نے 2022 اور 2023 کے ایڈیشنز میں لگاتار دو پی ایس ایل ٹائٹل جیتے ہیں۔