معدنیات سے مالامال خیبرپختونخوا کے لیے جو کر سکے کریں گے؛حافظ نعیم الرحمان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ معدنیات سے مالامال خیبرپختونخوا کے لیے جو کچھ کر سکے کریں گے۔
ہری پور میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اس پرتپاک استقبال پر وہ عوام کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ صوبہ قدرتی وسائل سے مالامال ہے مگر اس کے باوجود یہاں کے عوام محرومیوں کا شکار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہاں کی سیاحت کے لیے لوگ ترستے ہیں جبکہ ہزارہ کے علاقے میں پورے پاکستان سے لاکھوں سیاح آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کے نوجوانوں میں بے پناہ جذبہ موجود ہے جو ملک کا قیمتی اثاثہ ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ یہ ایک بڑا صنعتی علاقہ ہے جو حکومتی پالیسیوں کے باعث زوال کا شکار ہو رہا ہے۔ جہاں لاگت زیادہ ہو گی وہاں صنعتیں کیسے چلیں گی، اس سے روزگار کے مواقع ختم ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم کے مواقع کم ہوتے جا رہے ہیں جبکہ حکمران قرض پر قرض لے کر عوام پر بوجھ ڈال رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سولر کے بعد پن بجلی سستی ترین توانائی ہے، جب چھوٹے ڈیم بنانے کی بات کی جاتی ہے تو عوام سوال کرتے ہیں کہ پہلے بنائے گئے ڈیموں کا کیا بنا۔
انہوں نے کہا کہ اسی علاقے سے آمریت کی شروعات ہوئیں اور آمریت کے بعد آنے والی جمہوریت بھی آمریت کا سایہ ثابت ہوئی۔ حافظ نعیم الرحمان نے الزام عائد کیا کہ یحییٰ خان، ذوالفقار علی بھٹو اور شیخ مجیب الرحمان ملک کے دو ٹکڑے کرنے کے ذمہ دار تھے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں میں خاندانی سیاست کا راج ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی میں ایک خاندان اور چالیس وڈیرے ہیں جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) میں بھی ایک ہی خاندان اقتدار پر براجمان ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جب جماعتوں کے اندر جمہوریت نہیں تو وہ ملک میں کیا جمہوریت قائم کریں گی۔ انہی پالیسیوں کی وجہ سے ملک کے حالات تبدیل نہیں ہو رہے اور یہاں وڈیروں، جاگیرداروں، جرنیلوں اور سیاستدانوں کا کنسورشیم قائم ہے۔
یہ بھی پڑھیں ؛ ڈالرکی بے قدری جاری، روپیہ مزید تگڑا ہوگیا