بھارت :فالورز نہ آنے پر یوٹیوبر نے سٹوڈیو جلا ڈالا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)بھارت کی ریاست جھارکھنڈ میں ایک 27 سالہ یوٹیوبر نے ذہنی دباؤ کے عالم میں اپنے گھر کے سٹوڈیو کو آگ لگا دی۔
واقعہ ہفتہ کی شب پیش آیا، تاہم پولیس اور پڑوسیوں کی بروقت کارروائی کے باعث ان کے اہلِ خانہ کو محفوظ نکال لیا گیا۔
آگ نے چند ہی لمحوں میں پورے سٹوڈیو کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، اور دس لاکھ روپے سے زائد مالیت کے قیمتی آلات جل کر راکھ ہو گئے۔
متاثرہ نوجوان، ودھایک پراجاپتی، اپنے گھر سے فلم ایڈیٹنگ اور ڈیجیٹل میڈیا پروڈکشن کا کام کرتے تھے۔
پڑوسیوں کے مطابق انہوں نے اپنی آبائی زمین فروخت کر کے جدید اسٹوڈیو تعمیر کیا تھا اور یوٹیوب پر شناخت بنانے کا عزم رکھتے تھے۔
کئی ماہ کی محنت کے باوجود وہ خاطر خواہ کامیابی حاصل نہ کر سکے، جس کے باعث وہ شدید ذہنی دباؤ اور مایوسی کا شکار ہو گئے۔
گاؤں کے سابق سربراہ پراکاش کمار ارُن نے بتایا کہ پراجاپتی گزشتہ چند دنوں سے انتہائی گوشہ نشین ہو گئے تھے۔
ہفتہ کی رات تقریباً دس بجے انہوں نے خود کو اسٹوڈیو میں بند کر کے آگ لگا دی۔
دھواں تیزی سے پورے مکان میں پھیل گیا، اور لوہے کے بند دروازے کے باعث اہلِ خانہ اندر پھنس گئے۔
ان کی چیخیں سن کر پڑوسیوں نے پولیس کو اطلاع دی، پولیس اہلکاروں نے ایک دیوار توڑی اور گھر میں داخل ہو کر خاندان کو بحفاظت باہر نکالا۔
مزید پڑھیں:آئرش کپتان پال سٹرلنگ زخمی، ورلڈ کپ سے باہر
اہلِ خانہ بچ گئے، مگر سٹوڈیو کے کمپیوٹر، کیمرے، ساؤنڈ سسٹمز اور لائٹنگ کے قیمتی آلات مکمل طور پر جل کر خاکسترہو گئے۔
پراکاش کمار کے بقول، ”وہ بہت محنتی نوجوان تھا، لیکن کامیابی کے دباؤ نے اس کے حوصلے توڑ دیے۔“
بتایا گیا ہے کہ ودھایک پراجاپتی آگ لگانے کے بعد پیچھے کی دیوار سے چھلانگ لگا کر فرار ہو گئے۔
اتوار کی صبح رشتہ داروں نے انہیں تلاش کر کے رانچی کے ایک ہسپتال میں نفسیاتی علاج کے لیے داخل کرا دیا۔
خاندان اب مالی مشکلات کا شکار ہے اور مقامی انتظامیہ سے مدد کی اپیل کر چکا ہے۔