چوہدری شجاعت کی رہائشگاہ پر سیاسی رہنماؤں کی بیٹھک، اتحادی حکومت بنانے کا اعلان

Feb 13, 2024 | 22:50:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(اویس کیانی) سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ہم نے اتحادیوں سے مل کر حکومت بنانے کا فیصلہ کیا ہے، پاکستان کو مشکلات سے نکالیں گے۔

پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کی رہائشگاہ پر میٹنگ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ آپس میں مل بیٹھیں، چاہتے ہیں پی ٹی آئی بھی مصالحت کے عمل میں شامل ہو۔

اس اہم میٹنگ میں پاکستان مسلم لیگ ن، پاکستان پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم، مسلم لیگ ق، استحکام پاکستان پارٹی اور بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما شامل تھے۔

شہباز شریف نے جمعیت علماء اسلام سے بھی تعاون مانگا تھا مگر آج کے اجلاس میں جے یو آئی کی نمائندگی موجود نہیں تھی۔

میٹنگ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ ہم نے ایک دوسرے کیخلاف ضرور الیکشن لڑے ہیں لیکن اب ملک کے وسیع تر مفاد میں سب کو معاشی ایجنڈے پر اکٹھا ہونا ہوگا۔

اس موقع پر چوہدری شجاعت حسین نے کہ حکومت کی پہلی ترجیح معاشی ایجنڈا ہونی چاہیئے۔

یہ بھی پڑھیے: پیپلز پارٹی حکومت کا حصہ نہیں بنے گی، وزارت عظمیٰ کیلئے ن لیگ کی حمایت کا اعلان

پریس کانفرنس کے دوران صدر پاکستان مسلم لیگ ن شہباز شریف نے کہا کہ ہمارے وزیراعظم کے امیدوار نواز شریف ہی ہیں، ان سے درخواست کروں گا کہ عہدہ قبول کریں جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے مریم نواز کو نامزد کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمارے پاس اکثریت ہے، صدر مملکت کا فیصلہ اتحادی جماعتیں کریں گی، اگر آزاد امیدواروں کے پاس اکثریت ہے تو آئیں ہم ان کے مینڈیٹ کا احترام کریں گے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ اس وقت سب سے بڑا چیلنج معیشت کی بحالی ہے، سیاستدان الیکشن میں ایک دوسرے کیخلاف باتیں کرتے ہیں مگر وہ مرحلہ اب ختم ہو چکا اور اب پارلیمنٹ وجود میں آنے والی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے معیشت کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے، اپنے اختلافات ختم کر کے قوم کو آگے لے کر جانا ہوگا۔ مل بیٹھ کر مسائل کا حل نکالیں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ دھرنے دینے والوں کو پیغام ہے کہ یہ وقت ایسی سرگرمیوں کا نہیں ہے۔

اس موقع پر ایم کیو ایم کے کنونیئر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ شہباز شریف کا پہلے بھی ساتھ دیا اب بھی دیں گے، ایم کیو ایم نے کبھی وعدہ خلافی نہیں کی۔

استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا کہ میں میاں صاحب کی حکومت کیلئے دعاگو ہوں، غریب عوام کی بہتری اور ملک کی خاطر فیصلے کرنا پڑیں گے۔

بلوچستان عوامی پارٹی ’باپ‘ کے رہنما و چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ ہم میاں صاحب کے ساتھ کھڑے تھے اور کھڑے رہیں گے۔