وزیراعظم سے یو اے ای کے سفیر کی ملاقات، COP28 میں شرکت کا دعوت نامہ دیا

Apr 13, 2023 | 21:24:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) وزیراعظم سے پاکستان میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی کی اسلام آباد میں ملاقات ہوئی، جس میں انہوں نے وزیراعظم کو متحدہ عرب امارات کی قیادت کی طرف سے COP28 میں شرکت کا دعوت نامہ پہنچایا جو 30 نومبر سے 12 دسمبر 2023 تک دبئی میں منعقد ہوگی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے دعوت پر متحدہ عرب امارات کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے گزشتہ سال پاکستان میں تباہ کن سیلاب کے بعد امدادی سرگرمیوں میں اماراتی قیادت کے تعاون پر بھی اظہار تشکر کیا۔

شہباز شریف نے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے میں متحدہ عرب امارات کے کردار کو سراہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ یو اے ای کی COP28 کی قیادت سے پاکستان جیسے ممالک کے لیے بامعنی نتائج برآمد ہوں گے جو موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ خطرے کا شکار ہیں۔

اس سال جنوری میں صدر متحدہ عرب امارات کے پاکستان کے کامیاب دورے کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ برادرانہ تعلقات کو باہمی طور پر فائدہ مند اقتصادی تعلقات میں تبدیل کرنا دونوں ممالک کی قیادت کا مشترکہ عزم ہے۔

وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ متحدہ عرب امارات 17 لاکھ پاکستانیوں کا گھر ہے جو دونوں برادر ممالک کی ترقی، خوشحالی اور معاشی ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کر رہا ہے۔